آئین کی حرمت کو پامال کیا گیا تو وفاق کو خطرہ ہو گا: خواجہ آصف

اسلام آباد(پبلک نیوز) رکن قومی اسمبلی اور رہنماء مسلم لیگ ن خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا بیانیہ ہے ووٹ کو عزت دو، ملک کی فضا اور ماحول درست کر لیا جائے، وفاداریاں تبدیل کرنے والے پارٹیوں کو لڑاتے ہیں۔

 

قومی اسمبلی میں رکن قومی اسمبلی اور رہنماء مسلم لیگ ن خواجہ آصف نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کرایے کے لوگوں سے حکومت کا ایجنڈا کبھی مکمل نہیں ہو گا۔ پتہ نہیں کہاں کہاں سے ڈاکٹر لاکر معیشت کا علاج باہر سے کرا رہے ہیں۔ ملک کی فضا اور ماحول درست کر لیا جائے، لوگوں کو روٹی، کاروبار، بچوں کی فیس، ادویات چاہئیں۔ نعروں سے لوگوں کا پیٹ نہیں بھرتا، اگر اپوزیشن کو جیل میں ڈالنے سے سب کچھ ٹھیک ہوتا ہے تو کر دیں۔ 2013ء سے 2018ء تک ملک میں امن قائم کیا۔ پاک فوج، سکیورٹی اداروں اور ساری قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی۔

رہنماء مسلم لیگ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے، سینیٹ کو چلتے دیکھتا ہوں تو رشک آتا ہے، سینیٹ کا ماحول یہاں سے زیادہ بہتر ہے، گزشتہ 8 ماہ سے ایوان کا ماحول اچھا نہیں تھا، ایوان کی کارروائی نہ چلنے دینے کی کوئی وجہ نہیں۔ نواز شریف کے بیانیے کی جڑیں مضبوط ہوتی نظر آ رہی ہیں، نواز شریف کو پہلے ہٹایا گیا پھر رہا کیا گیا، نواز شریف کا بیانیہ ہے ووٹ کو عزت دو۔ صلح کی بات کی جائے تو کہتے ہیں این آر او مانگ رہے ہیں۔ پاکستان کا آئین ہمارے وفاق کی ضمانت ہے، چاہتے ہیں ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلے۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں آئین کی بالادستی چاہتے ہیں، عوام کی مرضی ہے ن لیگ کو چوتھی بار اقتدار میں لائے یا نہیں، آئین کی حرمت کو پامال کیا گیا تو وفاق کو خطرہ ہو گا، رانا ثنااللہ سے کہا تھا الیکشن قوانین میں ترمیم ہونی چاہئے، اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پارٹیوں میں شفاف الیکشن ہوں، سیاسی جماعتوں کے انتخابات میں کارکنان کو موقع ملنا چاہئے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ وفاداریاں تبدیل کرنے والے گندی زبان استعمال کرتے ہیں، وفاداریاں تبدیل کرنے والے پارٹیوں کو لڑاتے ہیں۔ وزیراعظم نے تاجروں کو زیرو ریٹڈ کرنے سے انکار کر دیا۔ لوگ مفادات کی خاطر وفاداریاں تبدیل کرتے ہیں۔

عطاء سبحانی  3 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں