یوم تکبیر قومی غیرت کا دن ہے، نواز شریف

لاہور (پبلک نیوز) مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر قوم کے نام جیل سے جاری کیے گئے پیغام میں کہا ہے کہ 28مئی پاکستانی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش دن ہے۔ اس دن ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا گیا جب پاکستان ایک ایٹمی قوت کے تعارف کے ساتھ دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یوم تکبیر قومی غیرت کا دن ہے۔ یوم تکبیر جہاں پاکستانی قوم کے بے مثال جرات اور بہادری کی علامت کا دن ہے وہاں پاکستان کے دشمنوں اور بد خواہوں کے لیے بھی یہ پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کا انجام عبرت ناک ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ آج سے 21سال پہلے جب ہماری حکومت نے یہ فیصلہ کیا تو اسے طرح طرح کے چیلنجوں کا سامنا تھا۔ ایک طرف اقتصادی پابندیوں کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں اور اس اقدام کو ناقابل معافی جرم کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا اور دوسری طرف دھماکہ نا کرنے کے عوض اربوں ڈالرز کی پیشکش کی جا رہی تھی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے اللہ تعالیٰ کے بھروسے اور عوام کی تائید کے بل بو تے پر ان چیلنجوں کو قبول کیا اور پاکستان کے وقار کاعلم سر بلند رکھا۔ 28 مئی پاکستانی قوم کے نا جھکنے کے اعلان کا دن ہے۔ قوم کا سر فخر سے بلند رکھنے کی پاداش میں جلا وطنی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں کے بعد ہماری گزشتہ حکومت میں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرکے سی پیک کی شکل میں معاشی دھماکہ کیا تو عالمی سازشوں نے ایک دفعہ پھر سر اٹھا لیا جس کے نتیجہ میں آج مجھے اپنی سانسوں کا بھی حساب دینا پڑ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا ایک اصولی موقف ہے کہ دنیا میں پاکستان خود مختار رہے اور پاکستان میں بسنے والے خود اختیار رہیں۔ اس نظریہ کی سزا میں پہلے اب بھگت چکا ہوں اور اب بھی بھگت رہا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ لیکن جیل کی اس کال کوٹری سے میں اپنے ہم وطنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کے آئینی حقوق، عوام کی بالادستی ، ووٹ کی عزت، پاکستان کی سالمیت اور پاکستان کی خود مختاری پر نا پہلے کوئی سمجھوتہ کیا ہے اور نا اب کروں گا۔ ہم پاکستان اور پاکستانی عوام کو ان کی منزل دلا کر رہیں گے۔

اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہو ہو۔

پاکستان زندہ باد!

احمد علی کیف  4 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں