ضمنی الیکشن: پی ایس 111، پی کے 71 اور این اے 247 میں پولنگ مکمل، ووٹوں کی گنتی جاری

کراچی/پشاور(پبلک نیوز) ضمنی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں جاری پولنگ ختم ہونے میں کچھ دیر باقی، ووٹرز کی گہما گہمی بڑھنے لگی، صدر عارف علوی نے ڈیفنس کراچی میں ووٹ کاسٹ کیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی قومی فریضہ ادا کرنے آئے۔

 

ضمنی انتخابات کیلئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111 میں پولنگ جاری، نامور شخصیات نے بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ڈیفنس ماڈل ہائی اسکول میں اپنا ووٹ کاسٹ پہنچے اورووٹ کاسٹ کیا، ان کی آمد کے حوالے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ صدر پاکستان نے میڈیا سے گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ووٹرز ٹرن آؤٹ کم ہی ہوتا ہے تاہم میں عوام سے ووٹ ڈالنے کی درخواست کرتا ہوں۔ کس کو ووٹ دیا یہ تو نہیں بتا سکتا لیکن اپنی پسندیدہ پارٹی کو ہی ووٹ دیا ہے۔

 

این اے 247 سے تحریک انصاف کے آفتاب صدیقی، متحدہ کے صادق افتخار مد مقابل، پیپلز پارٹی کے قیصرنظامانی اور پی ایس پی کے ارشد وہرہ بھی میدان میں ہیں۔ پی ایس 111سے شہزاد قریشی، جہانزیب اور فیاض پیرزادہ اکھاڑے میں اترے ہیں۔ کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب پی ایس 111 پر گورنر سندھ عمران اسماعیل فاتح قرار پائے،عارف علوی اور عمران اسماعیل کے منصب سنبھالنے کے بعد یہ نشستیں خالی ہوئیں تھی، جن پر آج ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہو رہی ہے۔


گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ڈی ایچ اے گرلز کالج فیز8 کے پولنگ اسٹیشن میں ووٹ ڈالا۔ایم کیو ایم پاکستان کی رہنما نسرین جلیل نے اپنا ووٹ گورنمنٹ ڈگری کالج زم زمہ میں کاسٹ کیا۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار قیصر نظامانی نے سرسید میڈیکل کالج بلاک 5 کلفٹن میں ووٹ کاسٹ کیا ہے۔ پی ایس 111 سے آزاد امیدوار جبران ناصر نے اپنے حلقہ میں ووٹ کاسٹ کیا ہے۔

پی کے 71 پشاور میں ضمنی انتخاب،گورنر خیبر پختونخوا کے بھائی سمیت 5 امیدوار مدمقابل

پشاور میں بلا چلے گا یا لالٹین ہوگی روشن؟ پی کے71میں شاہ فرمان کی چھوڑی نشست پر بھی پڑا ہے زور کا جوڑ، تحریک انصاف کے ذوالفقار خان اوراے این پی کے صلاح الدین میں دنگل، خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 71 کی نشست گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے عہدہ سنبھالنے کے بعد خالی چھوڑی تھی۔

 

پی کے71 حلقہ میں الیکشن کے سلسلے میں گورنر خیبر پختونخوا کے بھائی سمیت 5 امیدوار مدمقابل ہیں۔ حلقے کے 51 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دیے دیا گیا ہے۔ پولنگ اسٹیشنز کی مکمل تعداد 86 ہے، جن میں 48 مردوں اور 35 خواتین کے لیے ہیں۔ شاہ فرمان کے بھائی ذوالفقار خان کا اصل مقابلہ عوامی نیشنل پارٹی کے صلاح الدین سے ہےدوسری جانب تین آزاد امیدوار انتخابی دنگل میں حصہ لے رہے ہیں۔

 

نواحی دیہات پر مشتمل حلقہ کی سرحدیں سابقہ خیبرایجنسی سے ملتی ہیں۔ حلقہ میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 451 ہے جن میں مرد ووٹرز 79ہزار 836 اور خواتین ووٹرز 53 ہزار 615 ہیں۔ شام 5بجے تک بلاتعطل پولنگ ہو گی۔

عطاء سبحانی  4 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں