افغان صدر سے اپوزیشن لیڈر اور چیئرمین پی پی کی ملاقات

 

اسلام آباد (پبلک نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔

 

تفصیلات کے مطابق افغان صدر نے شہباز شریف اور بلاول بھٹو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ن لیگ کی جانب سے جاری کر دہ اعلامیہ کے مطابق پارٹی صدر سے ملاقات کے دوران اشرف غنی نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کی اور میاں نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

 

اپوزیشن لیڈر نے ان کا خیر مقدم کیا اور افغانوں کا اپنا بھائی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان صدر کی کاوشوں سے خطہ میں امن کی فضا قائم ہوئی ہے جن کو ہم سراہتے ہیں۔ انھوں نے نئے الیکشن میں کامیابی کے لیے اشرف غنی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 

دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی نے اپنی ملقات کے دوران افغان صدر اشرف غنی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ بلاول بھٹو زرداری اور افغان صدر کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔

 

چیئرمین بلاول بھٹو نے افغان امن عمل کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی افغان صدر سے ملاقات کے موقع پر فرحت اللہ بابر اور شیری رحمان بھی موجود تھے۔

احمد علی کیف  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں