وزیراعظم ہاؤس میں بننے والی یونیورسٹی کہاں گئی، بھینسیں کاریں بیچ کر معیشت کتنی بہتر ہوئی، مولا بخش چانڈیو

کراچی (پبلک نیوز) مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ خان صاحب سوال کرنے کا وقت گیا یہ وقت جواب دینے کا ہے۔ نو ماہ سے ایک ہی راگ آلاپ رہے ہیں، جناب بتائیں آپ نے کیا کیا ہے۔ آپ نے جس نیب کو اپوزیشن کے پیچھے لگا لیا ہے وہ اپوزیشن سے سوال پوچھ رہی ہے۔

وزیراعظم کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات پی پی پی کا کہنا تھا کہ آپ قوم کے سوالوں کا جواب دیں کہ آپ نے نو ماہ میں تقریروں کے علاوہ کیا کیا۔ خان صاحب بتائیں کہ آپ نے کب کہاں اور کس سے قرضہ لینے سے انکار کیا۔

قرضہ ملنے کی خوشخبری سنا رہے ہیں، آپ نے تو خودکشی کو ترجیح دینے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم ہائوس میں بننے والی یونیورسٹی کہاں گئی۔ بتائیں قوم کو بھینسیں اور کاریں بیچ کر معیشت کتنی بہتر ہوئی ہے۔ کہاں گیا آپ کا نجات دہندہ اسد عمر آپ نے اسے کیوں ہٹا دیا۔

کرپشن کا آغاز خود سے کرنا تھا تو پھر کیوں اپنوں کو احتساب سے دور رکھا ہوا ہے۔ بتائیں کب اور کہاں آپ بغیر کسی پروٹوکول کے گئے۔ خان صاحب آپ کا احتساب سے کوئی واسطہ نہیں آپ انتقام پر تلے ہیں۔ اب آپ اپوزیشن کو گالیاں دے کر اور الزامات لگا کر قوم کی توجہ نہیں ہٹا سکتے۔

خان صاحب آپ کو گرانے کی ضرورت نہیں آپ اپنے وعدوں کے بوجھ سے خود گرنے والے ہیں۔

احمد علی کیف  3 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں