وزیراعظم کا منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے آئندہ ہفتے قانون لانے کا اعلان

لاہور(پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے دورہ لاہور میں بڑے فیصلے کئے، منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لئے آئندہ ہفتے قانون لانے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم نے یونیورسٹی کے قیام کے لئے گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا حکم دے دیا۔عمران خان نے کابینہ اجلاس میں پنجاب حکومت کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا۔

 

وزیراعظم پاکستان نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لئے بڑا قدم اٹھانے کا اعلان کر دیا۔ چیمبرز آف کامرس لاہور سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا ملک میں سالانہ 10 ارب روپے کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے۔ سدباب کے لیے اگلے ہفتے’انسداد منی لانڈرنگ قانون‘ متعارف کرائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پرائم منسٹر ہاؤس کے’خصوصی دفتر‘ سے سرمایہ کاروں کی شکایات دور کی جائیں گی۔ روپے کی قدر میں کمی پر تسلی بھی دی۔

وزیراعظم نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔ پنجاب حکومت نے100روزہ کارکردگی پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو آئندہ کی حکمت عملی سے آگاہ بھی کیا۔ عمران خان نے ہر وزیر کو اپنی کارکردگی کی تفصیلات جمع کرانے کا کہا۔ وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اجلاس کی کارروائی پر روشنی ڈالی۔

 

وزیراعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری سرور کی ملاقات بھی ہوئی، جس میں گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے سے متعلق بات چیت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے گورنر پنجاب کو گورنر ہاؤس کی فزیبلٹی رپورٹ بنانے کی ہدایت کر دی۔ عمران خان گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کے خواہش مند ہیں۔

عطاء سبحانی  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں