وزیراعظم عمران خان کی چین کی بڑی کاروباری کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں

بیجنگ (پبلک نیوز) وزیراعظم چین کے دورے پر بیجنگ پہنچ گئے، چینی فوج کےچاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ میزبان ملک کی بڑی کاروباری کمپنیوں کے سربراہان نے وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم عمران خان چینی صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔


وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر چین پہنچ گئے، چینی وزیر ثقافت نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ وزیراعظم نے بیجنگ پہنچتے ہی ملاقاتیں شروع کر دیں۔ اورینٹ ہولڈنگز گروپ کے چیئرمین آف بورڈ سے ملاقات کی، پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اورینٹ ہولڈنگز گروپ چین کا بڑا انویسٹمنٹ گروپ ہے، یہ گروپ انفراسٹرکچر، تعمیرات، رئیل اسٹیٹ اور کیمیکل فائیبر کے شعبوں میں بزنس کر رہا ہے۔

وزیراعظم سے لانگ مارچ ٹائر کمپنی کے سی ای او نے بھی ملاقات کی۔ چائنہ گیژوبہ گروپ کے چیئرمین ژی ژیانگ بھی ملے، دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوئی۔ وزیراعظم چینی صدر اور وزیراعظم سمیت اعلیٰ قیادت سے بھی ملیں گے۔ چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات میں آرمی چیف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان بیجنگ انٹرنیشنل ہارٹی کلچر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ چین کے صدر اور وزیراعظم کی طرف سے اپنے اعزاز میں دی گئی الگ الگ ضیافتوں میں بھی شرکت کریں گے، دونوں ملکوں کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

عطاء سبحانی  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں