وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا

اسلام آباد(ٹکا خان ثانی) پاکستان اورسعودی عرب نے قیام امن کے لئے مل کرکام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقاتیں کیں۔ سعودی قیادت نے تہران کے ساتھ روابط میں بہتری اور خطے کی کشیدہ صورتحال میں کمی لانے کے لئے وزیراعظم کی کاوشوں کو سراہا۔

 

وزیراعظم کے دورے کے اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے کا مشن، وزیراعظم عمران خان کا سعودی عرب کا مختصر دورہ، ایران کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی ذوالفقار بخاری مصالحتی دورے پر ریاض پہنچے۔ گورنر نے وزیراعظم کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقات کی۔ شاہ سلمان سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے سعودی قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، کرفیو، اور لاک ڈاون سے آگاہ کیا۔

 

وزیر اعظم نے خلیج میں امن و استحکام اورسلامتی پر زور دیا اور کہا سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کےتعلقات کی جڑیں بہت گہری ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم کی وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، وزیراعظم عمران خان نے دورہ ایران پر سعودی ولی عہد کو اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم ریاض سے مدینہ منورہ پہنچے اور روضہ رسول پر حاضری دی۔ انہوں نے ملکی سلامتی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔

عطاء سبحانی  4 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں