وزیرِ اعظم عمران خان نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کا سخت نوٹس لے لیا

 

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیرِ اعظم عمران خان نے بالآخر بڑھتی ہوئی مہنگائی اور انتظامیہ کی جانب سے اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق بڑھتی ہوئی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اوردیگر بد عنوانیوں کی روک تھام کے لیے وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز بشمو ل چیف کمشنر اسلام آباد کو فوری اقدامات لینے اوراس سلسلے میں خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

 

وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے بھیجے گئے مراسلہ کے مطابق مقامی اور مخصوص قوانین پر مکمل عملدرآمد کے ذریعے سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانااور عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنا فیلڈ انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ اہلکاروں کے درمیان باہمی روابط کا فقدان، قوانین کا سطحی علم، غیر مؤثر عمل درآمد اور ذمہ داریوں سے احتراز کی روش نے جہاں متعلقہ قوانین کو غیر مؤثر بنا دیا ہے وہاں عام آدمی کی مشکلات میں اضافے کا سبب بنا ہے۔

انھوں نے ہدایت کی ہے کہ قیمتوں کے کنٹرول سے متعلق قوانین پر موثر عمل درآمد کے لئے فوری طور پر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ پرائس اور مارکیٹ کمیٹیوں کو مزید موثر بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ  قوانین کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔

 

فیلڈ افسران کو ہول سیل مارکیٹوں کا دورہ کرنے اور نیلامی کے دوران قیمتوں کے مناسب تعین کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تمام صوبائی سیکرٹریز متعلقہ اضلاع میں خود  اچانک دورے کر کے قیمتوں کی جانچ پڑتال کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

 

اسپیشل برانچ کوروازنہ کی بنیاد پران احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ متعلقہ وزیرِ اعلیٰ اور چیف سیکریٹری کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کرنے والے غیر ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔

 

ہدایت کی گئی کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی جانب سے باقاعدگی سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی فہرستیں جاری کی جائیں اور ان پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اس مہم کی کامیابی کے لئے جزا و سزا پر مبنی کارکردگی جانچنے کا پیمانہ بھی مقرر کیا جائے۔

 

وزیر اعظم کی جانب سے تمام صوبائی حکام کو سات دنوں میں وزیرِ اعظم کے ان احکامات پر عمل درآمد کے سلسلے میں پیش رفت کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

احمد علی کیف  3 ماه پہلے

متعلقہ خبریں