وزیرِاعظم سے امریکی وزیرِ خارجہ کی ملاقات، اہم ایشوز پر گفتگو

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دہشت گردی، خطے میں قیام امن سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پبلک نیوز ذرائع کے مطابق ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور افغان امن سے متعلق بات چیت کی گئی جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اور اس میں پاکستانی کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کیا جائے۔ اس ملاقات میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی بھی شریک تھے۔

امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔

 

اس سے قبل پاکستان اور امریکا کے وزرائے خارجہ کی قیادت میں وفود کی سطح پر مذاکرات ختم ہوئے جو 40منٹ تک جاری رہے۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ مائیک پومپیو کے علاوہ اجلاس میں جنرل جوزف کے ہمراہ 4رکنی امریکی وفد بھی شریک ہوا۔ اجلاس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

واضح رہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو پاکستانی وزیرِاعظم عمران خان اور ان کے وفد سے ملاقات کے بعد بھارت کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔

پاکستان آمد سے قبل مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں ثالثی کے لیے تعاون کرے۔ امید ہے پاکستان اور امریکا ماضی کو پیچھے چھوڑ کر نئی پیشرفت کا آغاز کریں گے۔ انھوں نے کہا پاکستان اور امریکا کو بہت سے مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہم پر امید ہیں کہ نئی پاکستانی قیادت کے ساتھ مل کر مشترکہ مسائل حل کرنے کے لیے کام کیا جاسکے گا۔

حارث افضل  1 سال پہلے

متعلقہ خبریں