دہشت گرد کبھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے: وزیراعظم

اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان کی کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے کی مذمت، وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حملے ملک میں بے امنی پھیلانے کی سوچی سمجھی سازش ہیں۔ انہوں نے حملوں کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔

 

وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا۔ ان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ حملے کے پیچھے موجود عناصر اور محرکات کو فوری بے نقاب کیا جانا چاہیے، یہ حملہ پاک چین معاشی اور اسٹریٹیجک تعاون کے خلاف سازش ہے، لیکن اس طرح کے واقعات دونوں ملکوں کے تعلقات کو متاثر نہیں کر سکتے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سےبلند اور سمندروں سے گہری ہے۔ پولیس اور رینجرز نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گرد حملے کو ناکام بنایا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے، اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کراچی اور اورکزئی میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی۔


وزیراعظم عمران کان کا کہنا تھا کہ دونوں حملے ملک میں بے امنی پھیلانےکی سوچی سمجھی سازش ہیں۔ دہشت گرد کبھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ چاہے جو ہو جائے، دہشت گردوں کو شکست فاش دے کر رہیں گے۔ حملے کا مقصد چینی سرمایہ کاروں کو خوف زدہ کرنے کے ساتھ سی پیک کے لیےغیریقینی صورت حال پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سازشیں وہ قوتیں کر رہی ہیں جو پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتیں۔ چینی قونصلیٹ پر ناکام حملہ ہمارے دورہ چین میں مثالی تجارتی معاہدوں کاردعمل ہے۔ چینی قونصلیٹ پر حملہ ناکام بنانے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مقاصد ناکام بنائے ہیں۔

 

عطاء سبحانی  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں