کچی آبادیوں میں رہنے والوں کے لیے نیا پروگرام لے کر آ رہے ہیں:وزیراعظم

رینالہ خورد(پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گھروں کی تعمیر ایک مشکل منصوبہ ہے، یہ منصوبہ مشکل نہ ہوتا تو گزشتہ حکومت پورا کر چکی ہوتی۔ کچی آبادیوں والوں کو فلیٹس بنا کر دے گے، سارے مشکل کام انشااللہ ہماری حکومت کرے گی۔

 

رینالہ خورد میں وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔"نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم"کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سارے مشکل کام انشااللہ ہماری حکومت کرے گی، معاشرے کی ترقی کے لیے احساس ہونا ضروری ہے، وہی معاشرہ ترقی کرتا ہے جس میں احساس ہوتا ہے، کمزور آدمی کاعلاج، تعلیم اور انصاف دلانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 5 سال میں 50 لاکھ گھر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اگر منصوبہ آسان ہوتا تو سابقہ حکومتیں بنا چکی ہوتیں، سویڈن، ناروے اور ڈنمارک میں جانوروں کا بھی خیال رکھا جاتا ہے، جو نظام ہمیں اپنانا چاہئے تھا وہ دوسرے ممالک نے اپنا لیا، جو اپنا گھر نہیں خرید سکتا اس کی مدد کریں گے، گورنمنٹ سیکٹر صرف گھر بنانے میں مدد کرے گا، 50 لاکھ گھر پرائیویٹ سیکٹر بنائے گا۔

 

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بہت جلد کچی آبادیوں میں رہنے والوں کے لیے نیا پروگرام لے کر آ رہے ہیں، کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو فلیٹس بنا کر دیں گے، جو کہتے ہیں نا ممکن ہے وہ اب سب کچھ ہوتا دیکھیں گے، ان لوگوں کو گھر بنانے کا موقع ملے گا جو سوچتے تھے کیسے بنائیں۔ ریاست غریبوں کو چھت فراہم کرنے کی ذمہ داری لیتی ہے۔ گھروں کی تعمیرکے منصوبے سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

عطاء سبحانی  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں