ہماری حکومت نیک نیتی کے ساتھ ریفارمز کا ایجنڈا لے کر آئی ہے: وزیراعظم

اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کا مشن ہے کہ بیوروکریسی کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے اور ہر تقرری صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائے۔ تعلیم اورصحت کے شعبے سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔

 

وزیراعظم عمران کی زیر صدارت سول سروس ریفارمز ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 60 اور 70کی دہائی میں پاکستان کی سول سروس اس خطے کی سب سے بہترین سروس تھی اور خطے کے دیگر ممالک ہم سے سیکھنے آتے تھے۔ بدقسمتی سے سیاسی مداخلت سے سول سروس کا زوال شروع ہوا۔

 

وزیراعظم عمران نے کہا کہ ہماری حکومت نیک نیتی کے ساتھ ریفارمز کا ایجنڈا لے کر آئی ہے اور عوامی فلاح و بہود کی خاطر نظام میں بہتری لانے کی خواہش مند ہے۔ احتساب اور میرٹ ہی نظام میں بہتری لانے کے اصول ہیں۔ ہماری حکومت کا مشن ہے کہ بیوروکریسی کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے اور ہر تقرری صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائے۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت نے سروس کی انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیاں لائی جس کی وجہ سے گورننس میں بہتری آئی۔ سول سرونٹس کو بے جا تنگ کرنے سے کام رک جاتا ہے۔ پوسٹ پر مدت ملازمت کو تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ ڈیلیوری میں تسلسل قائم رہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ سرکار کے زیر انتظام کمپنیوں اور اداروں کے بورڈز میں اچھی شہرت اور اہل افراد کو شامل کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات اور سروسز مہیا کی جاسکیں۔ تعلیم اور صحت کے شعبے سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں ۔ وسائل کے ضیاع کو روکنا ہو گا۔ اسپیشلائزیشن کا دور ہے، ہر شعبے میں ماہر افراد ہی کام کر سکتے ہیں۔

 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دُنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک میں ایک قدر مشترک ہے اور وہ ماہر افراد کی میرٹ پر بھرتی ہے۔ لوکل گورنمنٹ کا ایسا ماڈل لا رہے ہیں جس میں مقامی نمائندے عوامی فلاح و بہود میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ سیاست دانوں کی ٹریننگ بھی ضروری ہے تاکہ سول سروس کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے اور بیوروکریٹ بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔

عطاء سبحانی  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں