دبئی: پاکستان سپر لیگ 4 کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی

دبئی (پبلک نیوز) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کردی گئی۔ تمام ٹیموں کے کپتانوں اور مہمانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 4 کا باقاعدہ آغاز 14 فروری کو دبئی میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹیڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ سے ہو گا جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

دبئی اسٹیڈیم میں ایونٹ کی ٹرافی کی رونمائی تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی، منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) پی سی بی وسیم خان، تمام فرنچائز مالکان اور دیگر مہمان شریک ہوئے۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، لاہور قلندرز کے محمد حفیظ ، کراچی کنگز کے عماد وسیم، ملتان سلطانز کے شعیب ملک اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے مختلف ٹرافیوں کی رونمائی کی۔

پی ایس ایل 4 کی ٹرافی کی رونمائی کے بعد تمام ٹیموں کے کپتانوں نے اس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں کے کپتانوں نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس کے دوران احسان مانی بتایا کہ پی ایس ایل کا اب تک کا سفر شاندار ہے۔ ایونٹ کی کامیابی میں فرنچائز اونرز، اسپانسرز اور سب سے زیادہ کردار کھلاڑیوں نے ادا کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 3 سال میں پی ایس ایل کا انعقاد پاکستان کا فخر بن چکا ہے۔ اس لیگ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا ہنر دکھانے کا موقع دینا ہے۔ پاکستان سپر لیگ 4 کی ٹرافی پاکستان کی ثقافت اور روایات کے ساتھ اس کے مستقبل کی عکاس ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ گزشتہ برس میں منزل کے قریب پہنچ کر ہمت ہار جاتے رہے، اس بار مشن مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔

 

 

لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ

لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ گزشتہ ایڈیشنز میں کی جانے والی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اس بار پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہنے والی ٹیم کا ٹیگ اتارنے کی کوشش کریں گے۔

 

 

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا پی ایس ایل تھری میں انجری کی وجہ سے پورا ٹورنامنٹ نہیں کھیل پایا تھا، اس بار وسیم اکرم کی رہنمائی میں ٹائٹل کا خواب پورا کریں گے، پی ایس ایل کے پاکستان میں میچز انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔

 

 

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع

محمد سمیع نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت ملنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ اس بڑی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے ٹیم کو مسلسل دوسری بار ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔

 

 

ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک

ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ گزشتہ ایونٹ کے آغاز میں اچھی کارکردگی دکھائی، کوشش کریں گے کہ تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کریں۔

 

 

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ہر ٹیم اچھی نظر آ رہی ہے خاص طور پر لاہور قلندرز مضبوط سکواڈ ہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

 

 

یاد رہے کہ پی ایس ایل 4کے لاہور میں میچز 9، 10 اور 12 مارچ جبکہ کراچی میں 7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔

احمد علی کیف  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں