حکومت کا اتحادیوں کو منانے کا مشن جاری

پبلک نیوز: حکومت کا اتحادیوں کو منانے کا مشن، حکومتی مذاکراتی ٹیم کی جی ڈی اے اور بی این پی  کے وفد سے الگ الگ  ملاقات، بی این پی مینگل نے حکومت کے ساتھ اتحاد برقرار رکھنے کا عندیہ دیدیا، جہانگیر ترین کہتے ہیں جی ڈی اے پہلے بھی حکومت کا اہم حصہ تھی اور آئندہ بھی ہماری اتحادی رہے گی۔

 

حکومت کا اتحادیوں کو منانے کا مشن جاری ہے۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم نے جی ڈی اے اور بی این پی کے وفود سے ملاقاتیں کیں، تحفظات دور کرنے کی کوشش کی۔ جی ڈے اے نے اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے، شکوے شکایتیں بھی کیں، ترقیاتی فنڈز نہ ملنے کا گلہ بھی کیا۔ حکومتی کمیٹی نے شکایات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، ملاقات کے بعد جہانگیر خان ترین نے ٹویٹ کیا کہ جی ڈی اے پہلے بھی حکومت کا اہم حصہ تھی اور آئندہ بھی ہماری اتحادی رہے گی، لکھا  پرویز خٹک اور ارباب شہزاد کے ہمراہ جی ڈی اے وفد سے نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ حکومت اور جی ڈی اے کے درمیان اب کوئی معاملہ حل طلب نہیں رہ گیا۔

 

حکومتی کمیٹی نے بی این پی مینگل کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی، ایک دوسرے پر اعتماد کا اظہار کیا۔ بی این پی مینگل نے حکومت کے ساتھ اتحاد برقرار رکھنے کا عندیہ بھی دیدیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں لاپتہ افراد اور گوادر سے متعلق قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا، حکومت اور بی این پی مینگل کی قانونی ٹیم جلد ملاقات کرے گی، گوادر پورٹ آرڈننس 2002 کا جائزہ لیا جائے گا۔

 

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی، صوبے میں اتحادیوں کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا، پنجاب میں گورننس، امن و امان اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں سے متعلق امور پر بھی بات ہوئی۔

احمد علی کیف  3 روز پہلے

متعلقہ خبریں