چند ماہ میں اقتصادی اور معاشی چیلنجز پر جلد قابو پا لیں گے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امید ہے چند ماہ میں اقتصادی اور معاشی چیلنجز پر جلد قابو پا لیں گے۔ آئین اور قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ احتساب کی راہ میں نہ خود رکاوٹ بنیں گے نہ کسی کو بننے دیا جائے گا۔

سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف بابر اعوان نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی جس میں آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ عوامی فلاح کے مختلف منصوبوں سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوامی مفادات کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ محروم طبقہ کا احساس کرنا ریاست کی ذمہ داری میں شامل ہے۔ ملکی ترقی کی سمت متیعن ہو چکی آنے والا دور خوشحالی کا ہو گا۔ معاشی ٹیم کے ہمراہ ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں سارا شور شرابا صرف احتساب سے بچنے کے لئے کر رہی ہے۔ اپوزیشن کے پاس نہ سٹریٹ پاور ہے نہ عوامی حمایت۔ بڑے چوروں کا احتساب ہو گا تو نچلی سطح پر کرپشن رکے گی۔ پوری قوم انصاف اور احتساب ہوتا دیکھنا چاہتی ہے۔ امید ہے جلد مفرور اور اشتہاریوں کو بھی وطن واپس لا کر انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

احمد علی کیف  3 ماه پہلے

متعلقہ خبریں