اپوزیشن کی ترامیم مسترد، لوکل گورنمنٹ بل پنجاب اسمبلی سے منظور

لاہور (طاہر عمران) نیا بلدیاتی بل پنجاب اسمبلی سے منظور، اپوزیشن کی ترامیم مسترد، اپوزیشن ارکان نے ایجنڈہ کی کاپیاں پھاڑ دیں، ایوان سے واک آؤٹ، بل نامنظور کے نعرے۔

تفصیلات کے مطابق لوکل گورنمنٹ بل پنجاب اسمبلی نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ اپوزیشن نے ترامیم مسترد ہونے پر ایجنڈہ کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ ایوان میں شور شرابا کیا اور نیا بلدیاتی نظام نامنظور کے نعرے بھی لگائے۔ اپوزیشن نے بل کے خلاف بنچوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا۔

وزیراعظم کا پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لانے کا وعدہ پورا کر دیا، وزیراعلیٰ

لوکل گورنمنٹ بل کی پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لانے کا وعدہ پورا کر دیا۔ پنجاب حکومت کپتان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کوشاں ہے۔

نئے بلدیاتی نظام کی منظوری پر ممبران اسمبلی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ بل انتخابات کرانے کے لیے ہی پاس کیا ہے۔ نئے نظام میں 22ہزار پنچایت کونسلز ہوں گی۔ جنوبی پنجاب میں بجٹ کے بعد واضح تبدیلی آئے گی۔

جب تک اللہ کا حکم اور وزیراعظم کا اعتماد ہے، وزیراعلیٰ رہوں گا: عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب کا صحافیوں کی جانب سے کیے گئے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے دن سے میرے اوپر تنقید ہو رہی ہے۔ جب تک اللہ کا حکم اور وزیراعظم کا اعتماد ہے، وزیراعلیٰ رہوں گا۔ میرے ساتھ پوری ٹیم کھڑی ہے۔ سب سے پہلے ایوان میں آتا ہوں اور آخر میں جاتا ہوں۔

احمد علی کیف  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں