پنجاب کابینہ نے نئے مالی سال20-2019 کے بجٹ کی منظوری دے دی

لاہور(پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پوری ٹیم نے انتہائی محنت کے ساتھ بجٹ کی تیاری کا مشکل مرحلہ مکمل کیا۔ بجٹ تحریک انصاف کے منشور کے عین مطابق بنایا گیا ہے۔ بجٹ اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی سے مسلسل رابطہ رہے گا۔


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں نئے مالی سال 20-2019 کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں صوبہ پنجاب کے نئے مالی سال20-2019 کی بجٹ تجاویز اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ مالیاتی بل 2019 اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 20-2019 کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ضمنی بجٹ مالی سال19-2018 کی منظوری دی گئی۔ مالی سال 19-2018 کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تینوں ڈویژن کے فنڈز کسی دوسری جگہ ٹرانسفر کرنے پر پابندی کی بھی منظوری دی گئی۔

 

کابینہ کی منظوری کے بعد جنوبی پنجاب کیلئے مختص فنڈز صرف اسی علاقے کی ترقی و خوشحالی کے پروگراموں پر خرچ ہوں گے۔ کابینہ نے وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء کی تنخواہوں میں 10 فیصد کمی کی بھی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے بجٹ مرتب کرنے پر صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکریٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ محکموں کے افسران کی کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم نے انتہائی محنت کے ساتھ بجٹ کی تیاری کا مشکل مرحلہ مکمل کیا۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ اپنی اور کابینہ کی جانب سے پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، تحریک انصاف کی حکومت کا بجٹ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لئے ہے، اس بجٹ میں عام لوگوں کا احساس کیا گیا ہے۔ مشکل حالات کے باوجود وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے ا قدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ بجٹ تحریک انصاف کے منشور کے عین مطابق بنایا گیا ہے۔ نئے بجٹ میں تمام علاقوں کی پائیدار اور متوازن ترقی کو ترجیح دی گئی ہے۔ سماجی شعبے کی بہتری کیلئے بے مثال اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار وسائل ہیومن ڈویلپمنٹ پر خرچ کرنے کیلئے پائیدار اقدامات کئے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب اور پسماندہ علاقوں کو ماضی میں بری طرح نظرانداز کیا گیا۔ حکومت نے جنوبی پنجاب اور دور دراز علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ بجٹ میں حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کئے ہیں۔ صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترجیحات کا تعین کیا گیا ہے، یہ بجٹ اعداد و شمار کی جادوگری نہیں بلکہ صوبے کے عوام کی پائیدار اور متوازن ترقی پر مبنی حقیقی دستاویز ہے۔


ویزاعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی کی ٹھوس بنیاد رکھی گئی ہے۔ اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیا ہے۔ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے سفر کو آگے بڑھاتی جائے گی۔ بجٹ اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی سے مسلسل رابطہ رہے گا۔ ڈویژن کے اراکین اسمبلی سے میٹنگز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سیکریٹری خزانہ کی صوبائی بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہم خد و خال کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ۔ کابینہ اراکین نے صوبائی بجٹ کے حوالے سے اپنی آراء بھی پیش کیں۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز کی شرکت۔

عطاء سبحانی  5 ماه پہلے

متعلقہ خبریں