اپوزیشن جتنی مرضی اکٹھی ہو جائے کچھ نہیں ہوگا، وزیرریلوے شیخ رشید

 

لاہور(پبلک نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ 4 ماہ پہلے کہہ دیا تھا کہ جھاڑو پھرے گا۔ جو جتنا بولے گا اس کا نمبر پہلے لگے گا۔ ابھی تو پارٹی شروع  ہوئی ہے۔ جس نے کرپشن کی اس سے سب وصول کیا جائے گا۔ اپوزیشن جتنی مرضی اکٹھی ہو جائے کچھ نہیں ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان کا آرمی چیف کے ساتھ دورہ امریکہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

 

لاہور میں پریس کانفرس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سارے چوروں کو ٹک ٹکی لگے گی۔ ملک میں جھاڑو پھررہا ہے۔ جو جتنا بولے گا اس کا نمبر پہلے لگے گا۔ جس نے کرپشن کی اس سے سب وصول کیا جائے گا۔ اپوزیشن اکٹھی بھی ہو جائے کچھ نہیں کر سکتی۔ اے سی جیل اے سی گاڑی اے سی عدالت اور پھر پروڈکشن آرڈر سے اے سی پارلیمنٹ سب چور اکٹھے ہیں۔

 

 

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ تمام پرانی ٹرینوں کو رینوویٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 3 سے 6 ماہ میں ٹرینوں کی حالت بہتر کرنی ہے کیونکہ ریلوے کا بجٹ بہتر ہورہا ہے۔ واشنگ لائن کے مزدوروں کو عید سے قبل مستقل کردیں گے۔ ریلوے 6 ماہ بعد اپنے افسروں اور ملازموں کو 10 فیصد انکریمنٹ دے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کرپشن سے پاک ہونے پر دنیا بھر کے ممالک پاک ریلوے کے کیرج شاپ کے ساتھ کام کرنے پر رضامند ہیں۔ رائل پام کے لوگوں کو پہلے سے زیادہ سہولیات دیں گے۔ اگلے ہفتے تک ٹرینوں کا متاثرہ شیڈول درست ہو جائے گا۔ ریلوے خدمت کا ادارہ ہے آڑھت کی منڈی نہیں۔

 

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 5 بلین کا ریلوے کا خسارہ کم کیا ہے۔ 3 ٹرینوں کے مین حادثات ہو چکے ہیں۔ بغیر فرد کے پھاٹک اور ریلوے کے ساتھ آبادی کی وجہ سے بھی حادثات ہو رہے ہیں۔ ریلوے ٹریک کے ساتھ تمام مساجد اور جنازہ گاہ ختم کروں گا۔

 

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں اکنامی کا مسئلہ ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ عمران خان ایماندار آدمی ہے۔ پاک فوج اور حکومت نے بھارت کو افغانستان سے باہر نکال دیا ہے۔ حکومت نے کلبھوشن یادیو کیس جیتا ہے۔ 69 لوکو موٹو کیس میں نیب نے ابھی کچھ نہیں کیا۔ چائنیز وفد سے لوکو موٹیو کی بہتری کیلئے بات چل رہی ہے۔

 

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہر آدمی اپنی جان بچاتا ہے، سلطانی گواہ بننا عام بات نہیں۔ پوری اپوزیشن میں صرف مولانا فضل الرحمان قابل ذکر ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ ان کی اراضی کس کی ہے۔ مولانا سیاست کریں دین کو سیاست میں نہ لائیں۔

 

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کا سپاہی ہوں کسی کا باپ بھی اللہ اور رسول کے قانون کو تبدیل نہیں کرسکتا۔ سلطانی گواہ بننے پر بھٹو پھانسی لگ گیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی اورحافظ سعید کا کیس بھی ایسا ہی ہے۔  

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا امریکہ کا دورہ میک اور بریک ٹور ہے۔ پہلی دفعہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم امریکہ میں اکٹھے ہیں اچھے نتائج ملیں گے۔

 

احمد علی کیف  4 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں