ملک بھر میں جاری سردی کی نئی لہر سے سردی کی شدت میں ریکارڈ اضافہ

اسلام آباد(پبلک نیوز) مغرب سے آنے والا بارش کا نیا سسٹم پاکستان میں داخل ہونے سے سردی کی شدت میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا، پنجاب ، سندھ، بلوچستان میں بارش جبکہ زیارت میں وائٹ کارپٹ بچھ گیا، برفباری کے باعث وادی لیپہ کا زمینی رابطہ مظفرآباد شہر سے منقطع ہو کر رہ گیا۔
 
ملک بھرمیں جاری سردی کی نئی لہر سے سردی کی شدت میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا۔ مانسہرہ شہر اور گردونواح میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، سیاحتی مقام کاغان شوگران اور ناران میں پہاڑوں نے سفید چادراوڑھ لی۔ ٹھنڈے ٹھارموسم میں لوگ دلفریب نظاروں سے لطف اندوزہو رہے ہیں۔

آزاد کشمیر کی وادی لیپہ کا زمینی رابطہ برفباری کے باعث مظفرآباد شہر سے منقطع ہو کررہ گیا۔ وادی لیپہ میں سڑکوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ 11 روز سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے وادی لیپہ کے مختلف بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قلت پیدا ہوگئی۔
 
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، گوجرانوالہ، ساہیوال،وزیرآباد ،گجرات اورپتوکی میں بارش نے ہرچیز ٹھنڈی ٹھار کر دی۔ کراچی میں بادل جم کربرسے تو بجلی بھی غائب ہونے لگی، درجنوں فیڈرزٹرپ کرجانے سے لوگ بجلی سے محروم ہو گئے، ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بجلی کی مرحلہ واربحالی کاکام جاری ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھاربارش سے بجلی کی فراہمی کا سلسلہ بھی منقطع ہواہے جس سے عوام کی مشکلات  میں اضافہ ہوگیا ہیں۔
 
محکمہ موسمیات کی جانب سے تازہ ترین صورتِ حال کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اوراسلام آباد سمیت پنجاب میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ صوبہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں آئندہ12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا حالیہ سلسلہ ختم ہو جائے گا۔
 
مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانولہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اورگلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، ڈی جی خان، ڈی آئی خان، بنوں ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ سکھر اور ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔
 
منگل کے روز مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانولہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں بعض مقامات پر درمیانی اور بعض پر تیز بارش کا امکان ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن(سوات، چترال،کالام، مالم جبہ، اپردیر)، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید برفباری کا امکان ہے۔
عطاء سبحانی  1 ماه پہلے

متعلقہ خبریں