ہندوستان کسی صورت خطے کی ترقی اور امن کی سوچ نہیں رکھتا، فردوس عاشق اعوان

 

اسلام آباد (پبلک نیوز) معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم تحریک آزادی کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔ ہندوستان کسی صورت خطے کی ترقی اور امن کی سوچ نہیں رکھتا۔ وزیراعظم عمران خان خطے کے امن اور ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

 

تفصیلات کے مطابق شہر اقتدار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام تحریک جدوجہد میں عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔ پاکستانی قوم تحریک آزادی کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ بھارتی یکطرفہ مکروہ عمل سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ کشمیری انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں کو مدد کے لیے پکار رہے ہیں۔ مودی سرکار کے اقدام سے بھارت کے جعلی سیکولرازم کا نقاب ہٹ گیا۔ کشمیر ہماری رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے۔

 

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔ مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کرتے رہیں گے۔ بھارتی اقدام علاقائی امن پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔ بھارت  نے آرڈیننس کے ذریعے کشمیریوں کو یرغمال بنانے کا بھونڈا اقدام اٹھایا۔ ردی کے کاغذ کے ٹکرے کو مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کی عوام نے مسترد کردیا ہے۔ بھارت نے مکروہ عمل کر کے خطے کا امن داؤ پر لگایا۔ خطے کی ترقی کا دشمن بن کر سامنے آیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیر کاز کو طاقت سے کچلنے کی کوشش خطے کے امن کو داؤ پر لگا سکتی ہے۔ ہندوستان کسی صورت خطے کی ترقی اور امن کی سوچ نہیں رکھتا۔ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی سیاسی قیادت کو کشمیریوں کی حمایت پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ کشمیریوں کے ساتھ نا انصافی کو اجاگر کرنے پر میڈیا کے شکر گزار ہیں۔ بھارتی اقدام کے بعد پاکستان میں تمام متعلقہ فریق حکمت عملی وضع کر رہے ہیں۔

 

معاون خصوصی اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی اقدام کے بعد پاکستان تمام آپشنز کا جائزہ لے رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان خطے کے امن اور ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ بھارتی اقدام کو ان کی اپنی کٹھ پتلی انتظامیہ مسترد کر چکی ہے۔ امریکی صدر کے بیان کے بعد مودی سرکار بوکھلاہٹ کی شکار ہے۔ کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

احمد علی کیف  4 ماه پہلے

متعلقہ خبریں