اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے تصویری نمائش کا انعقاد

اسلام آباد(پبلک نیوز) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد میں کچھ ہی روز باقی ہیں، ہر پاکستانی معزز مہمان کا خیر مقدم کرنے کو تیار ہے۔ ایسے میں سعودی سفارتخانے کی تصویری نمائش نے دہائیوں کی پاک سعودی عرب دوستی کی یادیں تازہ کر دیں۔

 

پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض آج یا کل کی بات نہیں، کئی دہائیوں پر پھیلے تعلقات دونوں ملکوں کو عظیم دینی، برادرنہ اور ایسے تاریخی بندھن میں پروتے ہیں جو وقت گزرنے کیساتھ مزید مضبوط ہوتا چلا جا رہا ہے۔ شاہ عبد العزیز السعود سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز تک ہر دور میں پاکستان اور سعودی عرب شانہ بشانہ نظر آئے۔

 

چند ہی روز بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کا پہلا دورہ کرنے والے ہیں، ان کے دورے سے قبل دو طرفہ تعلقات اجاگر کرنے کیلئے اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے نے تصویری نمائش کا انعقاد کیا جس کا افتتاح چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کیا۔ سعودی سفیر نواف المالکی نے چیئرمین سینیٹ کا استقبال کیا۔ دونوں شخصیات نے ایک ساتھ تصاویر دیکھیں، جن میں دوطرفہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کی گئی تھی۔ تصاویر کے ذریعے پاکستان میں سعودی تعاون سے مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

 

چیئرمین سینیٹ اور سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی آمد سے یقینا پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو کثیر الجہتی ملے گی۔ میڈیا سے گفتگو میں صادق سنجرانی نے سعودی قیادت میں اسلامی اتحاد برائے انسداد دہشتگردی کو او آئی سی کے بعد اسلامی ممالک کیلئے بہترین فورم قرار دیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا دور روزہ دورہ یقینا پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نیا روش باب ثابت ہو گا۔

عطاء سبحانی  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں