العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز، احتساب عدالت کو ٹرائل مکمل کرنے کیلئے آخری مہلت

اسلام آباد(پبلک نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے احتساب عدالت کو العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے 17 نومبر تک کی مہلت دے دی۔ چیف جسٹس نے کہا 17 نومبر تک کیسوں کا فیصلہ نہ ہوا تو عدالت اتوار کو بھی لگے گی۔ میاں ثاقب نثار نے کہا یہ آخری توسیع ہے، اس کے بعد کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔

 

سپریم کورٹ کی جانب سے احتساب عدالت کو العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے دی جانے والی آخری مدت 7 اکتوبر کو مکمل ہوئی تھی، جس کے بعد احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سپریم کورٹ کو ٹرائل کی مدت میں توسیع کے لیے خط لکھا تھا، جس پر چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں خواجہ حارث نے 8 ہفتوں تک مہلت دینے کی استدعا کی، تاہم عدالت نے کہا کہ 4 ہفتوں سے زیادہ کی مہلت نہیں دی جاسکتی۔

 

خواجہ حارث نے استدعا کی ایک بار تو میری بات مان لی جائے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہمیشہ آپ کی بات مانی۔ میاں ثاقب نثار نے مزید کہا آپ چاہیں تو ہفتے اور اتوار کو بھی کام کر سکتے ہیں۔ 17 نومبر تک کیسوں کا فیصلہ نہ ہوا تو اتوار کو بھی عدالت لگے گی، چیف جسٹس نے کہا اس مدت میں فیصلہ نہ ہوا تو احتساب عدالت کے جج سے پوچھیں گے۔ چیف جسٹس نے دونوں ریفرنسز کے ٹرائل کے لیے 17 نومبر تک کی مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ یہ آخری توسیع ہے، اس کے بعد کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔

عطاء سبحانی  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں