سنگین غداری کیس: سپریم کورٹ نے مشرف کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے تین آپشن دے دیئے

اسلام آباد (پبلک نیوز) سپریم کورٹ نے سنگین غداری کیس میں سابق صدرپرویزمشرف کو تین آپشن دے دیئے۔ آئندہ سماعت پرخود پیش ہوں، ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرائیں یا پھروکیل ان کی جگہ جواب دیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اچھا ہے وکیل جواب دے دیں پرویز مشرف تو مکے شکے دکھاتے تھے ایسا نہ ہو عدالت کو بھی مکے دکھا دیں۔

 

چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے ابتداء پر عدالت نے پرویز مشرف کو تین آپیشنز دیئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ سماعت پر پرویز مشرف پیش ہوں یا ویڈیولنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروائیں اور تیسرا آپریشن ہے پرویزمشرف کے وکیل ان کی جگہ جواب دے دیں۔ پرویزمشرف تو مکے شکے دکھاتے تھے ایسا نہ ہو عدالت کو بھی مکے دکھا دیں، اچھا ہے پرویزمشرف کے وکیل جواب دے دیں۔

 

سپریم کورٹ نے پرویزمشرف کے وکیل کی جانب سے التواء کی درخوست مسترد کردی چیف جسٹس نے کہا ایک ملزم جان بوجھ کر پیش نہیں ہوتا تو کیا عدالت بالکل بے بس ہے، اگر قانون خاموش ہے تو آئین سپریم کورٹ کو اختیار دیتا ہے وکیل صفائی نے حکومت کی اجازت سے پرویزمشرف کے بیرون ملک جانے کا موقف اپنایا تو چیف جسٹس نے کہا یہ انصاف نہیں کہ جب ملزم کا دل چاہے آئے جب نہیں تو نہ آئے۔ کورٹ کی ترجیح صرف قانون ہے، چیف جسٹس نے برطانوی فوجی وسیاسی رہنماء اولیورکرامویل کے مقدمے کا تزکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اولیور کرامویل پرغداری کا مقدمہ چلایا گیا جس دوران وہ فوت ہو گیا فیصلہ کیا گیا کرامویل کے ڈھانچے کوعدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے ڈھانجے کو پھانسی پر لٹکا دیا، اب میں اور کچھ نہیں کہہ رہا۔

 

چیف جسٹس نے کیس سے متعلق ریماکس دیئے کہ جس طرح پرویز مشرف کے ساتھ ڈیل کیا گیا یہ ہماری تاریخ کا الگ ہی باب ہے۔ عدالت جاتے جاتے گاڑیاں مڑجاتی ہیں اسپتال سے سرٹیفکیٹس آجاتے ہیں، وقفے کے بعد چیف جسٹس نے وکیل پرویز مشرف سے اچھی خبر سنانے کا کہا تو وکیل نے سراولیورکرامویل کی مثال پر اعتراض کر دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پریشان نہ ہوں قانون بے شک اندھا ہوتا ہے لیکن جج نہیں۔ 28 مارچ کو مقدمہ خصوصی عدالت میں سماعت کے لیے مقرر ہے۔ ٹرائل کورٹ بیان ریکارڈ کرنے سے متعلق خود فیصلہ کرے۔ اگر ٹرائل کورٹ فیصلہ نہیں کرتی تو یکم اپریل کومسئلے کا حل نکالیں گے، عدالت نے مقدمے کی سماعت یکم اپریل تک ملتوی کر دی۔

حارث افضل  3 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں