اومنی گروپ کی شوگر ملز عدالت ٹیک اوور کرے گی: چیف جسٹس

اسلام آباد(پبلک نیوز) اومنی گروپ کی دھمکیوں کی آڈیو ریکارڈنگ موجود، چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ کسانوں کا نقصان نہیں ہونے دیں گے، عدالت گروپ کی شوگر ملیں ٹیک اوور کرے گی۔ عدالت نے اومنی گروپ کے وکلا کو موکلان سے ملاقات کی اجازت دے دی۔

 

چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ نیشنل بینک کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیئے کہ چینی کے پچیس لاکھ تھیلے غائب ہونا مجرمانہ فعل ہے، جس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔ نیشنل بنک میں سرکاری ریونیو جمع ہوتا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نیشنل بینک نے سمجھوتہ نہیں کرنا تو قانونی چارہ جوئی کرے۔ اگر اومنی گروپ کی پیشکش منظور نہیں تو متعلقہ فورم پر جائیں۔ فراڈ ہوا ہے تو سول اور فوجداری فورم سے رجوع کریں۔ لگتا ہے بینک گارنٹی کیلئے ساری کارروائی کاغذی تھی۔ بینک کے ملوث عملے کیخلاف بھی پرچہ درج کرائیں۔

متعلقہ خبر: آصف زرداری نے 300ارب کی منی لانڈرنگ کی، اومنی گروپ کے سی ایف او کا انکشاف

نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ اومنی گروپ نے نیشنل بینک کے چھ ارب روپے ادا کرنے ہیں۔ بینک کے عملے کو دھمکیاں مل رہی ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ قرضہ اور گارنٹی کے معاملے میں جو لوگ ملوث ہیں ان کے خلاف ایف آئی اے تحقیقات کرے گی۔ اومنی گروپ کی دھمکیوں کی آڈیو ریکارڈنگ موجود ہے۔ مجید فیملی سے جیل میں موبائل اسی لیے چھینے گئے۔

 

اومنی گروپ کے وکیل شاہد حامد نے دلائل میں کہا کہ اومنی گروپ کسی کا نادہندہ نہیں۔ گروپ کی شوگر ملیں بند ہونے سے کسان پریشان ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ شوگر ملزعدالت ٹیک اوور کرے گی۔ کسان کا نقصان نہیں ہونے دیں گے۔ چیف جسٹس نے وکیل شاہد حامد کو کہا کہ انہی کو ہی بٹھا دیں گے۔

 

شاہد حامد نے کیس چھ دسمبر تک ملتوی کرنے کی بات کی تو چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آج رات تک بیٹھے ہیں۔ کینٹین کھلی ہے۔ چائے شائے پئیں۔ اومنی گروپ کے وکیل منیر بھٹی نے موکلان سے ملاقات کی استدعا کرتے ہوئے وضاحت دینا چاہی تو چیف جسٹس نے کہا کہ وہ تاخیر کرنا چاہتے ہیں، تو ابھی پانچ ارب روپے لے کر آجائیں۔

علاوہ ازیں عدالت نے اومنی گروپ کے وکلا کو اپنے موکلان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی۔

عطاء سبحانی  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں