قوم جلد نوازشریف کی متعارف کردہ آلائشوں سے نجات پالے گی: فیصل جاوید

پبلک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے سینٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اصلاح کا آغاز ہوچکا ہے اور مجرموں پر اقتدار کے دروازے بند کئے جارہے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں یہ ملک اپنے پاؤں پر ہی کھڑا نہیں ہو گا بلکہ تیزی سے ترقی کی منزلیں بھی طے کرے گا۔  

مریم نواز کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مریم بی بی کا جواب دیتے ہوئے ان جیسی زبان اور لب و لہجہ اختیار نہیں کریں گے۔ مریم بی بی کی سمت ماضی میں ٹھیک تھی نہ آج درست ہے۔ وہ حکومت میں تھیں تو "ڈان لیکس"، اپوزیشن میں آئیں تو شرپسندوں کی وکیل بن گئیں۔  

انھوں نے کہا کہ مریم بی بی نے ٹھیک سوال اٹھایا کہ جوہری قوت کے حامل ہونے کے باوجود پاکستان مشکلات میں کیوں ہے۔ پاکستان کا یہ حال اس لیے ہے کہ آپ کے والد اور چچا اس ملک پر تین عشروں سے مسلط تھے۔ محترمہ پاکستان کا یہ حال اس لیے ہے کہ آپ کے والد اور چچا نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ریکارڈ قائم کئے۔  

سینٹر فیصل جاوید کہنا تھا کہ محترمہ پاکستان کا یہ حال اس لیے ہوا کہ آپ کے والد نے آپ کیلیے پاکستان ہی نہیں لندن میں بھی جائیدادوں کا ڈھیر لگایا۔  محترمہ پاکستان کا یہ حال اس لیے ہوا کہ آپ کے والد نے قومی معیشت کا جنازہ نکال دیا۔  محترمہ ایٹمی پاکستان اس مقام پر اس لیے پہنچا کہ آپ کے والد نے انکل زرداری کیساتھ ملکر قوم کو 30 ہزار ارب کا مقروض بنادیا۔  

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ محترمہ آپ کے والد نے ایٹمی پاکستان میں کاروبار مشکل کردیا اور کرپشن و لوٹ مار کو آسان بنا دیا۔  محترمہ مریم نواز کو اطمینان دلائے دیتے ہیں کہ کرپشن و لوٹ مار کا وہ سیاہ دور اب ختم ہوچکا ہے۔  محترمہ بالکل فکر نہ کریں مجرموں اب ایوانوں کی بجائے جیلوں میں ہوں گے اور قوم کے فیصلے عوام کریں گے۔ قوم انشاءاللہ جلد آپ کے والد کی متعارف کردہ آلائشوں سے نجات پالے گی۔

احمد علی کیف  3 ماه پہلے

متعلقہ خبریں