پاکستان میں قطر کی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں: شاہ محمود قریشی

دوحا(پبلک نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے ہیں، خطے کی صورتحال، افغانستان کے معاملات پربات چیت، پاکستان میں قطر کی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں، وزیرخارجہ کی روانگی سے قبل گفتگو کی۔

 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے، دورے قطر کے دوران اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی قطری وزیراعظم، نائب وزیراعظم دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور اس موقع پر پاکستان قطر تعاون بڑھانے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

 

پاکستان اور قطری حکام کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال اور افغان مفاہمتی عمل پر گفتگو بھی کی جائے گی۔ قطری ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا چیف آف پروٹوکول وزارت خارجہ قطر نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستانی سفیر ابراہیم یوسف فخر اور سفارتخانے کے سینئر حکام بھی وہاں پر موجود تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر روانہ ہونے سے قبل کہا کہ قطر خلیجی ممالک میں ایک اہم ملک ہے جس کے پاکستان کے ساتھ بہت گہرے تعلقات ہیں۔ پاکستان نے خطے کے ملکوں سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے اور آج ہونے والی قطری حکام سے ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال اور افغانستان کے معاملات پر بات چیت ہو گی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پچھلی ملاقاتوں میں جو معاملات طے ہوئے انہیں آگے بڑھایا جائے گا۔ پاکستان میں قطر کی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔ قطری ہم منصب نے دورے کی دعوت دی تھی اور دورہ قطر حالیہ چار ملکی دورے کے سلسلے کی کڑی بھی ہے، قطر امن اور مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرتا رہا ہے۔ امن اور مفاہمتی عمل میں قطر کی رائے لینا اور مشاورت ضروری ہے۔

عطاء سبحانی  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں