ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں، شاہ محمود قریشی

کوالالمپور: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور میں ملائشین وزیراعظم مہاتیر محمد سے ملاقات کی۔ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی غیرمتزلزل اور بھرپور حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

 

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کوالالمپور کانفرنس کے لیے ملائشیا میں موجود ہیں۔ کانفرنس کی سائیڈ لائن پر شاہ محمود قریشی کی ملائشین وزیراعظم مہاتیر محمد سے ملاقات ہوئی۔ مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوا، وزیرخارجہ نے مہاتیر محمد کو وزیراعظم عمران خان کا تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔

 

وزیرخارجہ نے کہا پاکستان اور ملائشیا کے تعلقات بہت گہرے ہیں، رواں سال پاکستان کے قومی دن پر آپ کے دورہ پاکستان کی خوشگوار یادیں ابھی تک لوگوں کے دلوں میں تازہ ہیں۔

 

مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی غیرمتزلزل اور بھرپور حمایت کرنے پر آپ کے ممنون ہیں۔ یہ عمل قابل ستائش ہے کہ ملائشیا نے بھارتی دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے مقبوضہ جموں کشمیر کے حوالے سے اپنا مؤقف برقرار رکھا۔

 

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کوالالمپور کانفرنس کے اغراض و مقاصد ہماری حکومت کے وژن اور پالیسیوں سے گہری مطابقت رکھتے ہیں۔ "کوالالمپور کانفرنس" اس کڑے وقت میں تعمیر و ترقی کے یکساں اہداف کے حصول اور باہمی تعاون کے فروغ میں انتہائی سود مند اور معاون ثابت ہو گی۔

احمد علی کیف  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں