نواز شریف سے اے سی کی سہولت واپس لینا انتقامی کارروائی ہے، شہباز شریف

پبلک نیوز: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے نواز شریف سے اے سی کی سہولت واپس لینے پر چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھا اور کہا کہ وزیراعظم کے حکم پر یہ اقدام کیا جا رہا ہے۔ اس سے ان کے قائد اور بھائی کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ سابق وزیر اعظم کے کمرے سے اے سی اتارنے کا خط پنجاب حکومت کے میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے چیف سیکرٹری کو خط لکھا۔ خط میں انہوں نے کہا ہے کہ ان کے علم میں آیا ہے کہ پنجاب حکومت نے آئی جی جیل خانہ جات کو 17 جولائی کو خط لکھ کر اے سی اتار نے کی ہدایت کی ہے۔ سیاسی انتقام کی خاطر یہ اقدام نواز شریف کی جان پر حملہ ہے۔

 

اپوزیشن لیڈر نے خط میں لکھا ہے کہ میڈیکل بورڈ کی سب سے پہلی سفارش یہی ہے کہ نواز شریف کو مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں رکھا جائے۔ بورڈ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مناسب درجہ حرارت میں نہ رکھنے سے نوازشریف کے گردے فیل ہو سکتے ہیں۔

محکمہ داخلہ کی سرد مہری پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق کلیدی نکتہ کو کیسے نظر انداز کر دیا گیا۔ 3 مرتبہ کے منتخب وزیر اعظم کو سیاسی دبائو کی بناء پر ان کے قانونی اور جائز حقوق سے محروم نہ کیا جائے۔ میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔


شہباز شریف کے خط کی کاپیاں چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کو بھی بھیج دی گئی ہیں۔

عطاء سبحانی  3 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں