جو قانون کے خلاف جائے گا ریاست اسے مثال بنائے گی: وزیر مملکت برائے داخلہ

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاک بھارت صوتحال سے متعلق سب آگاہ ہیں۔ ہم پر ففتھ جنریشن وار مسلط کی جارہی ہے۔ ملکی سلامتی میں وزارت داخلہ کا کردار کلیدی ہوتا ہے۔

 

شہر اقتدار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ کل جو واقعہ پیش آیا اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ریاست ان کے خلاف ایکشن لے گی۔ کل 9 پولیس اہلکاروں اور 3 میڈیا نمائندوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ہم نے بھی احتجاج کیا لیکن قانون کو کبھی ہاتھ میں نہیں لیا۔ احتجاج کیا ہے، اس کی آگاہی بہت ضروری ہے۔

 

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سمیت کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔ پولیس پر ہاتھ اُٹھانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جو قانون کے خلاف جائے گا ریاست اسے مثال بنائے گی۔ آنے والے دنوں میں سب چیزیں عوام کے سامنے ہوں گی۔ نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتوں نے اتفاق کیا۔ پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں، ہمیں مہذب ہو جانا چاہئے۔

 

شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت صوتحال سے متعلق سب آگاہ ہیں۔ ہم پر ففتھ جنریشن وار مسلط کی جارہی ہے۔ ملکی سلامتی میں وزارت داخلہ کا کردار کلیدی ہوتا ہے۔ سیاسی جماعتوں کو سنجیدگی سے معاملات دیکھنے ہوں گے۔

حارث افضل  4 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں