اسپیکر پنجاب اسمبلی کا سستی روٹی سکیم سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم

لاہور(ادریس شیخ) سستی روٹی سکیم سے متعلق رپورٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی ہدایت، محکمہ انڈسٹریز اور محکمہ خوراک نے رپورٹ مرتب کرنا شروع کر دی، تندور لینے والوں نے 7 سال میں ایک بھی قسط جمع نہیں کروائی۔

 

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی ہدایت پر سیکریٹری محکمہ انڈسٹریز اور سیکریٹری محکمہ خوراک کی جانب سے رپورٹ پنجاب اسمبلی پیش کی جائے گی، سرکاری دستاویزات کے مطابق سستی روٹی سکیم کے لیے ایک ارب 68کروڑ 82 لاکھ روپے کا سبسڈائزڈ آٹا فراہم کیا گیا، تندور لینے والوں نے سات سال سے ایک بھی قسط جمع نہیں کروائی۔ سستی روٹی سکیم پر عملدرآمد کے لیے سابق ایم این اے حنیف عباسی کو چیئرمین تعینات کیا گیا تھا۔

 

رمضان المبارک 2008 میں دو روپے میں روٹی فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کیا گیا۔ سستی روٹی سکیم میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے بے ضابطگیوں سے متعلق آڈٹ پیراز تاحال وضاحت طلب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، محکمہ انڈسٹریز سکیم کے غیر مفید ہونے پر بند کرنے سے متعلق سمری وزیراعلیٰ کو بھجوائی مگر مسترد کر دی گئی۔ سستی روٹی سکیم کیلئے فراہم کیے گئے مکینکل تندور بھی غائب ہیں اور یہ سکیم اب صرف کاغذات تک ہی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

عطاء سبحانی  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں