چیئرمین نیب کا انٹرویو غیرذمہ دارانہ، متعصبانہ ہے: ترجمان بلاول بھٹو

کراچی(پبلک نیوز) ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ ایک جانبدار اور متعصب شخص سے غیرجانبدارانہ اور منصفانہ احتساب کی توقع نہیں، چیئرمن نیب نے جو باتیں کہیں ہیں وہ ان کے عہدے اور تمام قانونی تقاضوں کے منافی ہیں۔


ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر چیئرمین نیب کے حوالے سے کہا کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کا انٹرویو غیرذمہ دارانہ اور متعصبانہ ہے۔ چیئرمین نیب نے جو باتیں کہیں ہیں وہ ان کے عہدے اور تمام قانونی تقاضوں کے منافی ہیں، چيئرمین نيب نے پی پی قیادت کے خلاف بغض ظاہر کر کے غیرجانبداری کھو دی ہے۔ چیئرمین نیب کا سابق صدر آصف زرداری کی خرابی صحت کا مزاق اڑانا غیراخلاقی اور غیرانسانی ہے۔

 

ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ایک سابق جج سے اس طرح کے ہتک آمیز بیان کی توقع نہیں تھی، ایک جانبدار اور متعصب شخص سے غیرجانبدارانہ اور منصفانہ احتساب کی توقع نہیں، چیئرمین نیب کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرنے کیلئے وکلاء سے مشاورت کریں گے۔ نیب حکومت کا آلہ کار ہے ہمارا دعویٰ چیئرمن نیب نے خود سچ ثابت کر دیا ہے، جب بھی ہم حکومت کے خلاف متحرک ہوتے ہیں نیب ایکشن میں آجاتا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے اپوزیشن رہنماؤں سے رابطوں کے وقت ایسا انٹرویو معنی خیز ہے، پہلے بھی جب جب بلاول بھٹو زرداری نے عوامی سرگرمیاں کیں نیب حرکت میں آیا، کچھ بھی ہو پی پی قیادت غریب عوام کو مہنگائی اور لاقانونیت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی۔ چیئرمین نیب کچھ بھی کر لیں کٹھ پتلی وزیراعظم اور حکومت کو نہیں بچا سکتے۔

عطاء سبحانی  4 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں