سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی

لاہور(پبلک نیوز) سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 35 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی۔ پاکستانی ٹاپ آرڈر ایک بار پھر رنز کرنے میں ناکام رہی۔ سری لنکن بلے باز راجا پاکسا 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

 

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سری لنکا کی ناتواں ٹیم نے پاکستان کو مسلسل دوسری شکست دے دی۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور تجربہ کار پاکستانی باؤلنگ کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز جڑ دیئے۔ راجا پاکسا نے جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان کے لئے ایک بار پھر مشکل کھڑی کر دیں۔ انہوں نے 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، دیگر نمایاں سری لنکن بلے بازوں میں شیہان جے سوریا نے 34 رنز بنائے جبکہ کپتان شاناکا نے 27 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔


پاکستان کے عماد وسیم، شاداب خان اور وہاب ریاض کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی، جبکہ تین لنکن بلے باز رن آؤٹ ہوئے۔ 183رنز کے جواب میں قومی ٹیم 19ویں اوور میں 147 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فخرزمان، بابراعظم اور احمد شہزاد قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ عمر اکمل سیریز میں مسلسل دوسری بارصفر پر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم کے 47 رنز بھی پاکستان کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی بدھ 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔

عطاء سبحانی  1 ماه پہلے

متعلقہ خبریں