مون سون نے کراچی کا برا حال کر دیا، سیلابی ریلے سے شدید ٹریفک جام

پبلک نیوز: کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی کے کئی علاقے وینس کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔ جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک جام ہو گئی ہے۔ کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں جس کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو گئی ہے۔

 

 تفصیلات کے مطابق کراچی میں سیلابی ریلے کا پانی کے الیکٹرک کے 220 کے وی کے ڈی اے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہو گیا ہے۔ شہر کو بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن سے بچانے کیلئے کے الیکٹرک، پاک فوج اور شہری حکومت سمیت دیگر امدادی اداروں کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔ گرڈ سٹیشن سے ہیوی مشینری کے ذریعے پانی نکالا جا رہا ہے۔ سہراب گوٹھ، ابوالصفحانی روڈ، سپر ہائی، سکیم تینتیس میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔ جب تک پانی کا ریلا گزر نہیں جاتا تب تک کراچی میں بریک ڈاون کا خدشہ ہے۔


دوسری جانب کراچی میں پانی کھڑا ہونے کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے وزیر بلدیات سعید غنی خود شہر میں نکلے ہوئے ہیں جہاں وہ مختلف علاقوں میں خود سارے انتظام کا جائزہ لے رہے ہیں۔ بارش کے بعد سیلابی پانی سے کورنگی ندی میں پانی اوور فلو ہو گیا ہے جس کہ وجہ سے کورنگی کاز وے پر سیلابی پانی جمع شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں آج کے دن تعلیمی ادارے بند رہے۔ وفاقی اردو یونیورسٹی اور جامعہ کراچی کے ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔

عطاء سبحانی  4 ماه پہلے

متعلقہ خبریں