میکسیکو کی سرحد پر سیکیورٹی اور انسانی بحران سنگین، دیوار لازمی ہے: امریکی صدر

واشنگٹن (پبلک نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اوول آفس سے ٹیلی وژن پر امریکی قوم سے خطاب میں کہنا ہے کہ میکسیکو کی سرحد پر سیکیورٹی اور انسانی بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے، دیوار سرحدی سیکیورٹی کے لیے لازمی ہے۔

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا میکسیکن سرحد پر دیوار کی فنڈنگ کا مطالبہ برقرار ہے۔  ٹرمپ نے اوول آفس سے ٹیلی وژن پر امریکی قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی دیوار کی تعمیر کے لیے 5 اعشاریہ 7 ارب ڈالر درکار ہیں۔

 

ٹرمپ نے اعتراض کیا کہ ڈیموکریٹس ماضی میں دیوار کی حمایت کرتے رہےہیں، لیکن ان کے صدر بنتے ہی انہوں نے اپنا ذہن بدل لیا۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ ڈیموکریٹ نے بارڈر سیکیورٹی کے لیے فنڈ کی منظوری نہ دی تو حکومتی شٹ ڈاؤن جاری رہے گا۔

 

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی آمد سے ہر امریکی متاثر ہو رہا ہے۔ جنوبی سرحد سے امریکا میں منشیات کی اسمگلنگ ہوتی ہے۔ ٹرمپ کے خطاب پر اپوزیشن ڈیمو کریٹ نے تنقید کی۔

 

ہاؤس اسپیکر نینسی پلوسی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ پر امریکی ٹیکس گزاروں کا پیسہ دیوار کی تعمیر پر خرچ کرنے کا خبط سوار ہے۔ عورتیں اور بچے سیکیورٹی خطرہ نہیں، یہ انسانی چیلنج ہے، شٹ ڈاؤن مہینوں تک جاری رکھنا درست نہیں۔

حارث افضل  8 ماه پہلے

متعلقہ خبریں