بھارتی مظالم کے خلاف 35 اراکین کانگریس کا اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کو خط

 

پبلک نیوز: امریکی اراکینِ کانگریس نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف 35 اراکین کانگریس نے اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کو خط لکھ دیا ہے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امریکا، پاکستان اور بھارت میں مذاکرات پر زور دے۔

 

تفصیلات کے مطابق امریکی اراکین کانگریس نے کشمیر کی صوت حال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کو خط لکھ ڈالا۔ اراکینِ کانگریس نے کشمیر معاملے کے حل پر زور دیا۔ خط میں کہا گیا کہ بھارت نے کشمیر کی انفرادی حیثیت کو ختم کیا، کشمیر میں چپے چپے پر فوجی تعینات ہیں۔

 

خط کے متن میں کہا گیا کہ 5 اگست سے کشمیر میں نقل وحرکت کی اجازت نہیں، بھارت نے کشمیر میں رابطوں کے تمام ذرائع منقطع کر رکھے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے باعث پاکستان اور بھارت دونوں جوہری قوتوں میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ جنوبی ایشیا میں کشیدگی پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے۔

 

امریکی مندوب کو لکھے خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ امریکا پاک بھارت کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے پاک بھارت مذاکرات انتہائی ضروری ہیں۔ اراکین کانگریس کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ انھیں بتایا جائے امریکی مشن اقوم متحدہ میں کیا کردار ادا کر رہا ہے۔

احمد علی کیف  3 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں