وال اسٹریٹ جرنل کی جانب سے شریف برادران پر 2کروڑ ڈالر رشوت کا الزام

اسلام آباد(پبلک نیوز) نواز شریف پر کرپشن کا بڑا الزام لگ گیا، امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے نواز شریف پر 2کروڑ ڈالر رشوت کا الزام لگا دیا۔ ابراج کیپٹل کو کے الیکٹرک میں شیئر بیچنے کے لیے شریف برادران کو کک بیکس دینے کا کہا گیا۔

 

نواز شریف کی ایک اور مبینہ کرپشن منظر عام پر آگئی۔ وال اسٹریٹ جرنل ابراج کیپٹل کی ایک ای میل سامنے لایا ہے۔ جس میں شریف برادران کو رشوت کی مد میں اربوں روپے دینے کی بات کی گئی ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق ابراج کیپٹل کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی میں اپنے شیئرز بیچنا چاہتا تھا۔ انہوں نے ایک پاکستانی کاروباری ٹائیکون سے رابطہ کیا اور مقصد کے حصول کے لئے اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف سے مدد چاہی۔ ابراج کیپٹل اس کے بدلے میں 2 ارب 65 کروڑ روپے سے زائد رقم بھی  دینے کو تیارہو گیا۔

ای میل میں بتایا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے شیئر بیچنے کے لئے شریف برادران کو کک بیکس دینے ہوں گے۔ ابراج کیپٹل کے مالک عارف نقوی کو یہ کام خود انجام دینا ہو گا۔ ای میل میں کہا گیا کہ شریف برادران کو رقم الیکشن فنڈ یا رفاحی کام کے بہانے دینا بہتر ہو گا۔ تاہم کک بیکس کی تقسیم کیسے ہوگی؟ اس کا فیصلہ شریف برادران خود کریں گے۔

 

ای میل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ معاملہ غلط ہاتھ میں گیا تو دھماکا ہو گا۔ ابراج کیپٹل کے مالک عارف نقوی نے خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ جبکہ شریف برادران کا اس حوالے سے ابھی کوئی موقف سامنے نہیں آ سکا۔

عطاء سبحانی  1 ماه پہلے

متعلقہ خبریں