ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد، کراچی کا پارہ گرنے لگا

کراچی (رمیشہ قریشی) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد، بالائی علاقوں میں ٹھنڈ بڑھ گئی۔ کراچی کا پارہ بھی کم ہونے لگا، لاہور میں یخ بستہ ہواؤں کے ڈیرے۔ مالاکنڈ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں بعض مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا۔ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی جبکہ بگروٹ میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

 

آئندہ 24 سے اڑتالیس گھنٹوں کے حوالے سے ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان اور ملحقہ علاقوں میں مغربی ہواوں کے پر اثر ہونے کے باعث ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سرد ترین مقامات میں اسکردو کا درجہ حرارت منفی 15رہا، کالام، استور منفی 12، گوپس منفی 08، بگروٹ، ہنزہ منفی 07 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، دیر، مالام جبہ، پارہ چنار، کوئٹہ، قلات منفی 05، مری، راولاکوٹ 04 رہا۔ چترال، دروش، کاکول، گلگت منفی 03، لوئیر دیر منفی 02 ریکارڈ کیا گیا، میرکھانی، دالبندین، گڑھی دوپٹہ، بالاکوٹ اور رسالپور میں 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

حارث افضل  5 ماه پہلے

متعلقہ خبریں