پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے گندم کی تیار فصلیں تباہ

اسلام آباد(پبلک نیوز) محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے گندم کی فصل کو شدید نقصان کا اندیشہ پیدا ہو گیا۔
 
 
اطلاعات کے مطابق لاہور موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہر میں 44 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز جاری ہونے والی فہرست کے مطابق ملک بھرمیں 39 افراد جاں بحق، 1 سو 35 زخمی ہوئے۔ جبکہ دوسری جانب اسلام آباد میں وقفے وقفے اور لاہور میں گزشتہ روز سے مسلسل بارش جاری ہے، بارش کی وجہ سے لاہور شہر کے مخلتف علاقوں میں نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے پانی بھی کھڑا ہو گیا ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
 
 
اسلام آباد میں رات سے جاری بارش تاحال ناں تھم سکی،دوسری جانب بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشیں اور سیلاب، 22 افراد جاں بحق ہو گئے، لیسکو کے فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر کا بڑا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ لاہور میں گزشتہ شب شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ دن بھر شہر کی فضائیں سرمئی بادلوں کے گھیرے میں رہیں۔ سہہ پہر کے وقت بادل اچانک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار برسنے لگے جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے تھمنے اور کسانوں کی فلاح کی دعائیں کریں۔
 
 
نیشنل ڈیزاسٹر منجنمنٹ اتھارٹی نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی رپورٹ جاری کر دی ہے، رپورٹ کے مطابق پنجاب میں بارشوں کے باعث 10 افراد جابحق اور 56 زخمی ہوئے جبکہ3 گھر تباہ ہوئے۔ ترجمان این ڈی ایم اے نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ بلوچستان میں 11 افراد جاں بحق اور  5 زخمی ہوئے جبکہ 52 گھر تباہ ہوئے۔ سندھ کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ  سندھ میں 5 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوئے۔ ۔رپورٹ بتایا گیا کہ کے پی میں 1 جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے جبکہ 4 مکان تباہ ہوئے۔ فاٹا میں 12 افراد جاں بحق، 21 زخمی ہوئے جبکہ فاٹا میں بارشوں سے 21 گھر تباہ ہوئے ہیں۔
 

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز بالائی پنجاب (راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن) بالائی خیبرپختونخوا (مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، کوہاٹ، پشاور ڈویژن)، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ میدانی علاقوں میں موسم گرم رہے گا، تاہم گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

 
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ کوئٹہ، ژوب، سبی، حیدرآباد، میرپور خاص، سکھر ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواوٗں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقے مالم جبہ65، دیر (بالائی62، زیریں34)، میرکھانی55، ڈی آئی خان40، کالام37، پاراچنار35، چراٹ31، سیدوشریف30، پشاور (ائیرپورٹ30، سٹی28)، پٹن29، دروش26، بنوں21، چترال20، بالاکوٹ11، کاکول10ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
 
 
پنجاب میں اسلام آباد (سیدپور59، زیروپوائنٹ40، گولڑہ17، ائیرپورٹ13، بوکرہ09)، راولپنڈی (شمس آباد26، چکالالہ10)، لاہور (سٹی43، ائیرپوٹ29)، گوجرانوالہ40، خانیوال38، نورپورتھل37، جھنگ34، قصور33، گجرات، حافظ آباد28، سیالکوٹ (ائیرپورٹ25، کینٹ13)، لیہ22، منڈی بہاوٗالدین، ڈی جی خان20، ناروال، سرگودھا18، چکوال، بہاولنگر14، جہلم12، جوہرآباد11، منگلا10، مری، بھکر، رحیم یار خان، خانپور09، اوکاڑہ، ساہیوال08، بہاوپور07، ٹوبہ ٹیک سنگھ06، ملتان02، کوٹ ادو01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
 
 
سندھ: پڈعیدن32، حیدرآباد07، روہڑی، ٹندوجام02، سکھر، میرپورخاص، بدین01 اور کشمیر کے علاقے راولاکوٹ18، گڑھی دوپٹہ17، مظفرآباد16، کوٹلی08 اور بلوچستان کے علاقے کوئٹہ (سٹی16، شیح ماندا13)، بارکھان12، ژوب08، سبی06 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ گلگت بلتستان کے گوپس اور استورمیں01ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
عطاء سبحانی  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں