تحریک انصاف ضمنی انتخاب میں جیتی ہوئی نشستیں کیوں ہار گئی؟

پبلک نیوز: پاکستان تحریک انصاف  ضمنی انتخاب میں کئی جیتی ہوئی نشستیں ہار گئی، جن میں قومی اسمبلی کی3 ، پنجاب اسمبلی کی 4 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 2 نشستیں شامل ہیں۔ نشستیں ہارنے میں ایک وجہ توٹرن آؤٹ کا کم ہونا تھا، اس کے ساتھ بھی کئی وجوہات تھیں۔

پاکستان تحریک انصاف  ضمنی انتخاب میں  کئی جیتی ہوئی نشستیں ہار گئی، جن میں 3 قومی اسمبلی ،4 پنجاب اسمبلی اور 2 خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشستیں شامل ہیں۔

تحریک انصاف کے ہارنے کی  ایک وجہ تو کم ٹرن آؤٹ تھا لیکن اس کے ساتھ کچھ دیگر وجوہات بھی ہیں۔ قومی اسمبلی کی بات کریں تو  2نشستیں ایسی تھیں   جو وزیراعظم عمران خان نےچھوڑی تھیں۔ این اے 131 لاہور اور این اے 35 بنوں۔

این اے 131 کے ٹکٹ کیلئے متوقع امیدوار ولید اقبال تھے۔ولید اقبال نےعمران خان کی انتخابی مہم بھی  لیڈ کی تھی۔ لیکن ٹکٹ ہمایوں اختر خان کو دے دیا گیا جو جیتی ہوئی سیٹ ہار بیٹھے۔اس سے پہلے یہ حلقہ این اے 125 تھا جہاں سے ہمایوں اخترخان 2008 میں مسلم لیگ ق کے امیدوار تھے اور صرف 13702 ووٹ حاصل کرسکے تھے۔اس بار بھی ہمایوں اخترخان ووٹر کو نکالنے میں ناکام رہے۔

این اے 35 سے مولانا نسیم علی شاہ  پی ٹی آئی کے امیدوار تھے،  جو اکرم خان درانی کے صاحبزادے زاہدخان درانی سے شکست کھا گئے۔نسیم علی شاہ  پارٹی میں شامل ہونے والے نئے ناموں سے ایک ہیں۔2013 میں یہ حلقہ این اے 26 تھا، اس وقت نسیم علی شاہ  نے یہاں سے آزاد حیثیت سے انتخاب لڑا تھااوراکرم خان درانی کے ہاتھوں شکست کھاگئے تھے۔ایسے میں ان کو ٹکٹ دینا سمجھ سے بالا تھا۔

2013 کے انتخابات میں بھی جب عمران خان نے این اے 1 پشاور کی نشست خالی کی تھی تو ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف نشست ہار گئی تھی۔قومی اسمبلی کی ہارنے والی نشست میں این اے 56 اٹک بھی شامل ہے جو جنرل الیکشن میں تحریک انصاف کے   طاہر صادق نے جیتی تھی۔

پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر نظرڈالیں تو جنرل الیکشن میں تحریک انصاف پی پی3 اٹک، پی پی27 جہلم، پی پی 292 ڈی جی خان اور پی پی 222 ملتان سے کامیاب ہوئی تھی لیکن ضمنی انتخاب  میں یہ چاروں سیٹیں گنوا بیٹھی۔ایسے میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے اس کے باوجود تحریک انصاف جنوبی پنجاب سے 2 نشستیں ہا ر گئی۔اس ہار سے وزیراعلیٰ پنجاب  کی کمزوری کی باتوں کو تقویت ملنے لگی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا اسمبلی کی 2 نشستیں بھی ہار گئی جن میں پی کے 3 اور پی کے7 سوات شامل ہیں۔ضمنی انتخابات میں ہار پر تحریک انصاف  کو  اپنی سیاسی حکمت عملی کے بارے میں سوچنا ہوگا۔

احمد علی کیف  1 ماه پہلے

متعلقہ خبریں