یوم شہداء پر پولیس کے شہداء اور ان کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں: آرمی چیف

 

لاہور (پبلک نیوز) ملک میں قیام امن اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جان نچھاور کرنے والوں کی یاد میں آج یوم شہدا پولیس منایا جا رہا ہے۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ پاکستان پولیس نے انسداد دہشتگردی آپریشنز میں کلیدی کردار ادا کیا، پولیس کے شہداء اور ان کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں۔

 

ملک بھر میں یوم شہدا پولیس آج پورے شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا یوم شہدائے پولیس پر پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان پولیس نے انسداد دہشتگردی آپریشنز میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاکستان پولیس نے رواں سالوں میں مضبوط پیشہ وارانہ فورس ہونے کا ثبوت دیا۔ پولیس کے شہداء اور ان کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں۔

 

خیبر پختونخوا میں بھی شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی تقریب رات 8 بجے منعقد ہوگی۔ جس میں آئی جی، کور کمانڈر، سی سی پی او  اور ایس ایس پی آپریشنز سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور شہدا کے اہل خانہ شرکت کریں گے۔

 

اسی حوالے سے گوجرانوالہ میں  بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سی پی او گوجرانوالہ نے خصوصی شرکت کی اور شہدا کی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعائے مغفرت بھی کی۔ اس موقع پر سی پی او گوجرانوالہ  کا کہنا تھا کہ شہدا نے اپنے خون سے اس وطن عزیز کی حفاظت کی ہے اور  ہم شہدا کے لواحقین کے ساتھ تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔

احمد علی کیف  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں