دھمکی آمیز خط، پاکستان کا امریکا سے شدید احتجاج

04:03 AM, 1 Apr, 2022

احمد علی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دھمکی آمیز خط پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے پاکستان نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ واشنگٹن میں بھی شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ دھمکی آمیز خط کے معاملے پر پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کیا اور کہا کہ آزادانہ خارجہ پالیسی پاکستان کے مفاد میں ہے۔ ہم نے جو قربانیاں دیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ امریکی اور یورپی حکام نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا۔ امید ہے اللہ تعالیٰ ہمیں سرخرو کرے گا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین ہمارا دوست ہے جس نے ہر برے وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔ چین نے پاکستان کو مایوس کیا اور نہ آئندہ کرے گا۔ وقت آگیا ہے قوم کو بڑا فیصلہ کرنا ہے۔ پیپلز پارٹی کے کچھ لوگ بچگانہ باتیں کر رہے ہیں۔ انھیں شرم آنی چاہیے۔ ادھر سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے دھمکی آمیز خط پر امریکا سے شدید احتجاج کرتے ہوئے قائم مقام امریکی ڈپٹی چیف آف مشن کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ امریکی سفارتکار کو قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کی روشنی میں طلب کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے قائم مقام امریکی ڈپٹی چیف آف مشن کو دفتر خارجہ طلب کیا اور اندرونی معاملات میں مداخلت پر شدید احتجاج کیا اور انہیں احتجاجی مراسلہ تھمایا۔ ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ نےخط میں امریکی حکام کی جانب سے استعمال کی گئی زبان پر شدید احتجاج کیا اور امریکی سفارتکار کو بتایا کہ پاکستان کے داخلی امور میں مداخلت ناقابل قبول ہے۔ ادھر اس معاملے پر امریکی محکمہ خارجہ کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ پیغام بھیجنے کے الزامات میں حقیقت نہیں ہے، ہم پاکستان کے آئینی عمل کا احترام کرتے ہیں۔ نیڈ پرائس کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان میں جاری صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
مزیدخبریں