سندھ حکومت کا 4 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان

08:36 AM, 1 Apr, 2022

احمد علی
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر 4 اپریل کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 4 اپریل کو شہر قائد کراچی سمیت صوبہ بھر میں چھٹی ہوگی۔ اس روز تمام نجی اور سرکاری دفاتر، سکولز اور کالجز بند رہیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی ہر سال 4 اپریل کو منائی جاتی ہے۔ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی اس روز صوبے سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کریگی جس میں ان کی سیاسی جدوجہد اور خدمات پر روشنی ڈالی جائے گی۔ ذوالفقار علی بھٹو پانچ جنوری 1928ء کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد سر شاہ نواز بھٹو جوناگڑھ کی مسلم ریاست میں دیوان اور مشیر اعلیٰ حکومت بمبئی تھے۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے 1950ء میں بارکلے یونیورسٹی کیلیفورنیا سے سیاسیات کی تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد 1952ء میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری لی۔ اسی سال مڈل ٹیمپل لندن سے وکالت کا امتحان بھی پاس کیا اور 1953ء میں سندھ ہائیکورٹ میں پریکٹس شروع کی۔ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین دسمبر 1971ء تا 13 اگست 1973ء صدر مملکت کے عہدے پر فائز رہے۔ انہوں نے 14 اگست 1973ء کو نئے آئین کے تحت وزیراعظم کا حلف اٹھایا۔
مزیدخبریں