عمران خان نے خود کو بچانے کے لیے قومی سلامتی کا فورم استعمال کیا، بلاول
01:33 PM, 1 Apr, 2022
اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے خود کو بچانے کے لیے قومی سلامتی کا فورم استعمال کیا، عمران خان اتنا ہی جھوٹ بولیں جتنا لوگ مان سکیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ہم وزیراعظم کے دورہ روس سے قبل ہی تحریک عدم اعتماد کے لیے شہباز شریف کے گھر گئے، حقیقت یہ ہے کہ ہم ایک سیاسی عمل کے نتیجے میں عدم اعتماد تک پہنچے، عمران خان جھوٹ کہہ رہے ہیں کہ ان کے خلاف عالمی سازش ہوئی، اگر آپ کو جھوٹ بولنا ہے تو اتنا ہی جھوٹ بولیں جتنا لوگ مان سکیں، خط کا معاملہ قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کی کوشش ہے۔ بلاول نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سربراہان کو ہٹانے کے لیے ہمیشہ غیر جمہوری طریقے اپنائے گئے جب کہ ہم نے جمہوری طریقہ اپنایا جسے عمران خان متنازع نہ بنائیں، وہ کہتے ہیں کہ میں نہیں کھیلوں کا اور کسی اور کو بھی کھیلنے نہیں دوں گا، یہ درست نہیں، آپ سلیکشن کے نتیجے میں قوم پر مسلط ہوئے جس کی وجہ سے ملک کے سارے ادارے متنازع ہوئے اور ملکی خارجہ پالیسی ناکام ہوگئی اور پاکستان دنیا میں تنہا ہوچکا۔ بلاول نے کہا کہ عدم اعتماد کامیاب ہونے پر ہمارا عمران خان کے ساتھ جھگڑا ختم ہوجائے گا لیکن غیر جمہوری کردار اپنانے پر ہماری عمران خان کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک عمران خان کے رونے دھونے کی وجہ سے پاکستان کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے، عمران خان نے خود کو بچانے کے لیے قومی سلامتی کے فورم کو استعمال کرنے کی کوشش کی، عمران خان جاتے جاتے اداروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔