کل ہی میں شہبازشریف کی ضمانت کینسل کراوں گا، فوادچودھری

02:09 PM, 1 Apr, 2022

احمد علی

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کل وزارت قانون کا قلمدان مل رہا ہے میں شہبازشریف کی ضمانت کینسل کراوں گا، شہباز شریف کا وزیراعظم بننے کا خواب کرچی کرچی ہو گا.

وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ اپنے سربراہان کی حفاظت کے اقدامات کرے، وزیراعظم کو سیکیورٹی تھریٹ موصول ہوا ہے، وفاقی ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ وزیراعظم کی جان کو خطرہ ہے. فوادچودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں، بہت لوگوں کے خواب چکنا چور ہونے ہیں، شہباز شریف کا وزیراعظم بننے کا خواب کرچی کرچی ہو گا.

فواد چودھری نے کہا مجھے وزارت قانون کا قلمدان دیا جا رہا ہے، منحرف اراکین کے خلاف بھی کارروائی اب آگے بڑھے گی، ہم کل تک سپریم کورٹ سے بھی رجوع کریں گے، کس طرح ممکن ہے ایک تحریک جسے بیرون ملک بیٹھ کر ڈرافٹ کیا گیا ہو لائی جائے، ہمارے 22 لوگوں کا ضمیر اچانک جاگ گیا، اپوزیشن کے سرکردہ لوگ اس بین الاقوامی سازش کا حصہ ہیں، خواجہ آصف اتنے باضمیر ہیں کہ وزیر ہوتے ہوئے دبئی سے تنخواہ لے رہے تھے، پاکستان کے عوام غیرت مند ہیں، یہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ آپ جیسے لوگ مسلط رہے، انہیں تو پتہ ہی نہیں تھا کہ ڈرون حملے کہاں ہو رہے ہیں، یہ بے شرم لوگوں کا گروہ ہے، یہ گروہ بین الاقوامی سازش کے ذریعے پاکستان پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، پاکستان کی قیادت عمران خان جیسی غیرت مند قیادت کے پاس رہے گی.

وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سازش کے ذریعے کٹھ پتلی حکومت بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ وہ لوگ ہیں جنہیں عوامی حمایت بھی حاصل نہیں، انہیں بیرون ملک سے نامزد کیا گیا ہے، عمران خان اور ان کے سپاہی کسی کٹھ پتلی کو یہاں حکومت قائم نہیں کرنے دینگے،ہمیں مسلم لیگ ن سے دیوالیہ حکومت ملی تھی، بہت سخت فیصلے کرنے کے بعد ہم نے ملک کو مستحکم کیا، مجھے پورا یقین ہے پاکستان جلد گرے لسٹ سے نکل جائیگا، ریکوڈک کا مسئلہ ہم نے حل کیا.

واضح رہے کہ فروغ نسیم کے استعفے کے بعد وزیراعظم نے فواد چوہدری کو وزارت قانون کا قلمدان دینے کا فیصلہ کر لیا ہے.
مزیدخبریں