ویب ڈیسک: 22 سالہ ماریہ بی بی قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ جہاں کیس کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر احمد رضا کو تبدیل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے نوجوان انسپکٹر علی رضا سنپال کو 22 سالہ ماریہ بی بی قتل کیس کی تفتیش سونپ دی۔ انسپکٹر علی رضا سنپال کا شمار ریجن بھر میں نہایت اچھی شہرت کے حامل، ایماندار، قابل ترین ماہر تفتیش پولیس آفیسرز میں ہوتا ہے۔
انسپکٹر علی رضا کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیرمحل سے ہے اور وہ 25 جولائی 2003ء کو بطور اے ایس آئی پنجاب پولیس میں بھرتی ہوئے۔ انسپکٹر علی رضا متعدد بار مختلف تھانہ جات کے ایس ایچ او اور انچارج انویسٹیگیشن رہ چکے ہیں۔ ان دنوں انسپکٹر علی رضا ڈی پی او کے پرسنل اسٹاف آفیسر کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
انسپکٹر علی رضا 100 سے زائد قتل و دیگر ہائی پروفائل کیسز کی کامیاب تحقیقات و تفتیش کر چکے ہیں۔ انسپکٹر علی رضا ضلع بھر میں اندھے قتل کے کیسز کا سراغ لانے کے ماہر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
ماضی کے ریکارڈ میں انسپکٹر علی رضا کی انویسٹیگیشن کے بعد یکسو کیے گئے مقدمات میں ملزمان کو عدالتوں سے سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا۔ نوجوان انسپکٹر علی رضا کو دوران سروس ان کی شاندار کارکردگی پر متعدد آئی جیز سمیت مختلف محکمانہ اعزازات اور انعامات سے نوازا جا چکا ہے۔
ڈی پی او کی جانب سے آئی او کی ذمہ داری ملتے ہی انسپکٹر علی رضا نے 22 سالہ ماریہ بی بی کیس کی اپنے انداز میں حقائق کی تہہ تک پہنچنے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔