دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی

06:47 AM, 1 Aug, 2021

حسان عبداللہ

گیانا(پبلک نیوز)‌پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ قومی ٹیم کی جانب سے دیے گئے 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 150 رنز بناسکی۔

گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سات رنز سے فتح حاصل کی۔ پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف چار میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے جب کہ پہلا ٹی ٹوئنٹی بارش کی وجہ سے ختم ہوگیا تھا۔

158 رنز کے مشکل ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے برا آغاز کیا جب تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے اننگز کی دوسری گیند پر اوپنر آندرے فلیچر کو صفر پر کلین اپ کیا باؤلرز نے اپنی لائن سیدھی رکھی جس کی وجہ سے رن اسکورنگ بہت مشکل ہو گئی۔

تیز گیند باز حسن علی نے اپنی رفتار کو بالکل مختلف کیا اور اپنی گیند بازی سے نتائج حاصل کیے، انہوں نے تجربہ کار بلے باز کرس گیل کو 20 گیندوں پر 16 رنز بنانے کے بعدآوٹ کیا۔تیز گیند باز محمد وسیم اگلے گیند باز تھے جنہوں نے بلے باز شمرون ہیٹمیر کو 18 گیندوں پر 17 رنز بنانے کے بعد آوٹ کیا۔اوپنر ایون لیوس کریز پر ڈٹے رہے تاہم وہ بڑے شاٹس نہیں مار سکے جو ان کی طرف سے درکار تھے۔اوپنر کو 33 گیندوں پر 35 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہارٹ ہو کر واپس جانا پڑا۔کپتان کیرون پولارڈ کو آخری اوور میں فاسٹ بالر شاہین شاہ نے آؤٹ کیا وہ 14 گیندوں پر 13 رنز بنانے کے بعد فیلڈر محمد وسیم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بلے باز نے میچ میں ہٹنگ کرکے امید پیدا کی تاہم وہ 33 گیندوں پر 62 رنز بنانے کے بعد ناقابل شکست رہے، مجموعی طور پر ویسٹ انڈیز نے چار وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے ، وہ ہدف سے صرف سات رنز دور رہے۔محمد حفیظ پاکستان کے لیے شاندار بولر ثابت ہوئے۔ انہوں نے چار اوورز میں صرف چھ رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ٹاس ہارنے اور پہلے بیٹنگ کرنے کے کہے جانے کے بعد پاکستان نے ایک تیز آغاز کیا، اوپنرز شرجیل خان اور محمد رضوان نے مل کر 46 رنز کی شراکت قائم کی۔ آل راؤنڈر جیسن ہولڈر نے پہلی وکٹ حاصل کی، انہوں نے شرجیل خان کو آوٹ کیا ، اس کے بعد بیٹسمین بابر اعظم نے رضوان کے ساتھ 58 گیندوں پر 67 رنز کی شراکت داری کی اور اپنی ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ وکٹ کیپر بلے باز رضوان اپنی ففٹی بنانے سے پہلے رن آؤٹ ہو گئے۔ وہ 36 گیندوں پر 46 رنز بنا سکے۔

بارش کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو بابر سب سے پہلے آؤٹ ہوئے، جیسن ہولڈر کی گیند پر وکٹ کیپر نکولس پوران نے ان کا کیچ لیا۔ وہ40 گیندوں پر 51 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ بعدازاں گیند بازوں نے بلے باز فخر زمان سے دور بولنگ جاری رکھی اور اس اقدام نے جلد ہی انہیں فائدہ پہنچایا جب جارح مزاج بلے باز 11 گیندوں پر 15 رنز بنانے کے بعد ڈوین براوو کی گیند پر فیلڈر ہیڈن والش کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

جیسن ہولڈر نے اس کے بعد ٹیلینڈر حسن علی کو صفر پر آوٹ کیا اور بلے باز صہیب مقصود بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔آل راؤنڈر شاداب خان چار بالز پر پانچ رنز بنانے کے بعد آخری گیند پر رن ​​آؤٹ ہوئے اور اس کے ساتھ ہی پاکستان نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔

جیسن ہولڈر اپنی ٹیم کے لیے سب سے کامیاب باؤلر تھے ، انہوں نے 26 رنز دیکر چار وکٹیں حاصل کیں۔

مزیدخبریں