دنیا کا معمر ترین شخص اپنی 128 ویں سالگرہ سے چند روز قبل انتقال کر گیا
05:14 PM, 1 Aug, 2023
برازیلین شہری دنیا کا معمر ترین شخص 127 سال کی عمر میں انتقال کرگیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ معمر ترین شخص کی موت کی وجہ ان کے جسم کے کئی اعضا کا کام چھوڑنا بتائی گئی ہے۔ 1917 میں جوز کے بننے والے میرج سرٹیفکیٹ کے مطابق جوز کی تاریخ پیدائش 4 اگست 1895 میں ہوئی، اپنی طویل عمری کے دوران جوز پولینو نے پہلے رگبی لیگ فٹبال گیم اور ایکسرے کی دریافت سمیت دنیا کے کئی تاریخی اور یادگار لمحات دیکھے۔ جوز کے قانونی مشیر ولیان جوز ڈی سوزا کے مطابق اگر جوز کے میرج سرٹیفکیٹ پر موجود تاریخ پیدائش درست ہے تو وہ اسپین کی ماریا برینیاس موریرا (جو کہ اس وقت گنیز بک ورلڈ ریکارڈ پر دنیا کی معمر ترین انسان کا ریکارڈ رکھنے والی خاتون ) کو بھی پیچھے چھوڑدیں گے۔ دی سن کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جوز پولینو کی 7 اولادیں ہیں جن سے ان کے 25 پوتا پوتی نواسا نواسی، 42 پرپوتا پرپوتی، پرنواسا پرنواسی ہیں جبکہ انہوں نے 85 سوگوران چھوڑے ہیں۔ جوز کی پوتی فیبیولا کے مطابق ان کے داداجوز پولینو 4 سال قبل تک گھڑسواری کیا کرتے تھے لیکن 4 سال قبل انہوں نے گھڑ سواری چھوڑدی تھی اور گزشتہ ایک ماہ سے وہ بیڈ ریسٹ پر تھے۔ فیبیولا کا کہنا تھا کہ ان کے دادا کے قانونی مشیر ولیان کی دستاویزات دیہی رسم و رواج کی وجہ سے غلط ہو سکتی ہیں لیکن ہمارے خاندان کو عمر کے بارے میں کوئی شک نہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ پالینو گومز ایک صدی سے زائد عرصہ زندہ رہے۔ مزید برآں جوز پولینو کو معمر ترین شخص کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں تاحال شامل نہیں کیا گیا تھا۔