قابل اعتراض حصے سنسر، فلم باربی کو پنجاب کے سینما گھروں میں نمائش کی اجازت دیدی گئی

06:19 PM, 1 Aug, 2023

احمد علی
لاہور: پنجاب فلم سنسر بورڈ کے فل بورڈ نے ہالی وڈ فلم باربی کو سینما گھروں میں نمائش کے لئے کلئیر کر دیا ہے۔ نگران وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کا کہنا ہے کہ پنجاب فلم سنسر بورڈکے فل بورڈ نے ہالی وڈ فلم باربی کو سینما گھروں میں نمائش کے لئے کلئیر کر دیا ہے، فلم کو وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پر فل بورڈ کے ریویو کا کہا گیا تھا۔ عامر میر نے کہا کہ فلم کو قابل اعتراض مواد کی وجہ سے روک کر سنسر بورڈ کے فل بورڈ کے پاس ریویو کے لیے بھیجا گیا تھا، فلم کا ریویو سیشن چئیرمین سنسر بورڈ توقیر ناصر سمیت تمام ممبران نے دیکھا، فل بورڈ نے فلم کے قابل اعتراض حصے سنسر کرنے کے بعد اسے نمائش کے لیے کلئیر کر دیا۔ ہالی ووڈ اداکارہ ’مارگوٹ روبی‘ فلم میں ’ باربی‘ کا کردار ادا کررہی ہیں جبکہ کین کا کردار ریان گاسلینگ ادا کررہے ہیں۔ دیگر اداکاروں میں امیرکا فریرا، دعا لیپا بھی شامل ہیں۔ فلم کی ہدایت کار گریٹا گروگ ہیں۔ اس فلم کی کہانی ’ باربی ورلڈ‘ میں رہنے والی باربی (مارگوٹ روبی) اور کین (ریان گاسلینگ) کے گرد گھومتی ہے جو اپنے باربی ورلڈ سے باہر کی دنیا میں آتے ہیں اور پھر انسانوں کے درمیان خوشیاں اور خطرات کو ڈھونڈتے ہیں۔ خیال رہے کہ ڈائریکٹر گریٹا گروگ کی اس فلم کے لیے باربی لینڈ اس گڑیا کے مشہور ڈریم ہاؤس کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا تھا جس میں ہر جگہ گلابی رنگ کا استعمال ہوا۔
مزیدخبریں