وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا بے گناہی ثابت کرنے کیلئے قیدیوں کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان

07:32 PM, 1 Aug, 2023

احمد علی
لاہور: کمیٹی ہر قیدی سے فردا فردا ملاقات کرے گی اور تمام شواہد کا جائزہ لے کر بے گناہ قیدیوں کے بارے رپورٹ پیش کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کیمپ جیل کا 2 گھنٹے طویل دورہ کیا، بیرکس میں جا کر قیدیوں کے مسائل سنے۔ جیل میں قیدیوں کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بے گناہی ثابت کرنے کے لئے قیدیوں کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا۔ کمیٹی ہر قیدی سے فردا فردا ملاقات کرے گی اور تمام شواہد کا جائزہ لے کر بے گناہ قیدیوں کے بارے رپورٹ پیش کرے گی۔ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں بے گناہ قیدیوں کو رہا کرنے کے لئے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کوئی بے گناہ جیل میں نہیں رہے گا اور گناہ گار چھوٹے گا نہیں۔ محسن نقوی بیرکس میں قیدیوں کے لئے ائیر کولر نہ ہونے پر شدید برہم ہوئے،3 روز میں تمام بیرکس میں ائیر کولر لگانے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ بیرکس میں فوری طور پر نئے پنکھے بھی لگائے جائیں۔ڈپٹی کمشنر کو 3 روز بعد جیل کا دورہ کرکے ائیر کولرز چیک کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے قیدیوں سے جیل عملے کے سلوک کے بارے دریافت کیا، بعض قیدیوں نے جیل عملے کی جانب سے تشدد کی شکایات کیں ۔ نگران وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کوتشدد کی شکایات کی تحقیقات کی ہدایت کی۔اس کے علاوہ انہوں نے جیل کے کچن کا معائنہ کیا اور خود کھانا کھا کر کھانے کی کوالٹی چیک کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی سی او کا بھی وزٹ کیا اور قیدیوں کی اپنے عزیز و اقارب سے گفتگو کا مشاہدہ کیا، قیدیوں کومقررکردہ وقت کے مطابق عزیز واقارب سے بات نہ کرانے پر ناراضگی کااظہار کیا۔ قیدیوں کی ہر ہفتے 2 بار عزیز و اقارب سے گفتگو کرانے کی ہدایت بھی کی۔ بعض چھوٹی بیرکس میں 11، 11 قیدی دیکھ کر وزیر اعلی محسن نقوی نے ناراضگی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ گرمی اور حبس میں قیدیوں کو اس طرح رکھنا کسی طور درست نہیں۔قیدیوں کو بیرکس کی گنجائش کے مطابق رکھنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے قیدی بچوں کے لیے ووکیشنل سکول اور کمپیوٹر لیب کا بھی وزٹ کیا اور بچوں کے کیسز کے بارے پوچھا ، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے قیدی بچوں کا باقاعدگی سے میڈیکل چیک اپ کرانے کی ہدایت کی۔ جیل ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کے لئے میڈیکل کی سہولتوں کاجائزہ لیا ، مریضوں سے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے استفسار کیا۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، ڈپٹی کمشنر اور جیل سپرنٹنڈنٹ بھی ہمراہ تھے۔
مزیدخبریں